پاکستانی شہری عراق، لبنان، شام کا سفر نہ کریں، ایڈوائزری جاری
پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے تناظر میں ایک اہم سفری ایڈوائزری جاری کر دی ہے
پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے تناظر میں ایک اہم سفری ایڈوائزری جاری کی/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے تناظر میں ایک اہم سفری ایڈوائزری جاری کر دی ہے جس میں پاکستانی شہریوں کو عراق، لبنان اور شام کے سفر سے گریز کرنے کی سخت ہدایت دی گئی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ عراق، لبنان اور شام میں مقیم تمام پاکستانیوں کو سختی سے ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ انتہائی احتیاط برتیں، اپنی نقل و حرکت محدود رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر قریبی پاکستانی سفارتخانے سے رابطہ کریں۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم لیڈر کو نشانہ بنانے کے نتائج قیامت خیز ہوں گے: ایران

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک میں سکیورٹی صورتحال غیر یقینی ہے اور کسی بھی وقت حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔ اس لیے پاکستانی شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ فی الحال ان ممالک کا سفر نہ کریں اور اگر وہاں پہلے سے مقیم ہیں تو اپنے اردگرد کے حالات پر گہری نظر رکھیں اور غیر ضروری طور پر گھروں یا قیام گاہوں سے باہر نہ نکلیں۔

ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ ان ممالک میں موجود پاکستانی شہری باقاعدگی سے پاکستان کے سفارتخانوں سے رابطے میں رہیں اور کوئی بھی مشکوک سرگرمی یا خطرہ محسوس ہونے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو مطلع کریں۔ ترجمان نے کہا کہ وزارت خارجہ پاکستانی شہریوں کی سلامتی کو ہر حال میں مقدم رکھتی ہے اور موجودہ صورتحال میں ان کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جا رہا ہے۔

 یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے جس کے اثرات پورے خطے میں محسوس کیے جا رہے ہیں۔ ایسی صورتحال میں دفتر خارجہ کی جانب سے یہ سفری ایڈوائزری ایک بروقت اور ضروری اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔