
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی گارڈین کونسل نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی جانب سے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو نشانہ بنانے کی دھمکیوں پر ردعمل جاری کردیا۔
ایرانی گارڈین کونسل کی جانب سے جاری ایک بیان میں امریکا اور اسرائیل کو متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر امریکی صدر ٹرمپ یا ان کے حمایتی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں تویہ منصوبہ ترک کردیں۔
سپریم لیڈر کو نشانہ بنانے کو سرخ لکیر قرار دیتے ہوئے ایران کی جانب سے کہا گیا کہ اگر یہ حرکت کی تو ایسا طوفان اٹھے گا جو اس جرم کے مرتکب اور اس کے حامیوں کو لے ڈوبے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی قوم حق پر ہے، اللہ تعالیٰ فتح نصیب فرمائے گا، سپریم لیڈر
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک پیغام میں کہا تھا کہ ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے،ہم بخوبی جانتے ہیں نام نہاد "سپریم لیڈر" کہاں چھپا ہوا ہے،وہ ایک آسان ہدف ہے، لیکن وہ وہاں محفوظ ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم ایرانی سپریم لیڈر کو باہر نہیں نکالیں گے بلکہ مار ڈالیں گے لیکن ابھی نہیں، ہم نہیں چاہتے کہ شہریوں یا امریکی فوجیوں پر میزائل داغے جائیں، اس معاملے پر آپ کی توجہ کا شکریہ۔
علاوہ ازیں اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ خامنہ ای بنکر میں بیٹھ کر عوام پر حملے کروا رہے ہیں، آیت اللہ خامنہ ای کی حکومت کو برباد کردیں گے، آیت اللہ خامنہ ای کا وجود اب مزید برداشت نہیں کیا جاسکتا۔