ایرانی قوم حق پر ہے، اللہ تعالیٰ فتح نصیب فرمائے گا: سپریم لیڈر
 ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایرانی قوم حق پر کھڑی ہے اللہ تعالیٰ عظیم فتح نصیب فرمائے گا۔
فائل فوٹو
تہران: (سنو نیوز) ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایرانی قوم حق پر کھڑی ہے اللہ تعالیٰ عظیم فتح نصیب فرمائے گا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر اپنے ایک پیغام میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ "اے میری قوم کے لوگوں اگر آپ تھوڑا سا بھی مایوسی کا شکار ہوئے تو دشمن آپ کو مزید ڈرائے گا اور آپ کو نہیں چھوڑے گا"۔

انہوں نے کہا کہ اب تک آپ نے دشمن کے خلاف اپنے اتحاد سے جو رویہ اپنایا ہے اُسے بھرپور طاقت کے ساتھ جاری رکھیں، اللہ تعالیٰ آپ کو انشاء اللہ فتح سے ہمکنار کرے گا۔

ایرانی سپریم لیڈر نے قرآن پاک کی آیت کا ترجمہ’فتح صرف اللہ کی طرف سے ہے جو غالب اور حکمت والا ہے‘بھی شیئر کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کسی کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالے گا، ایرانی سپریم لیڈر

خیال رہے کہ گزشتہ کئی روز سے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ جاری ہے دونوں جانب سے ایک دوسرے پر حملے کیے جارہے ہیں، صیہونی فورسز کے حملوں کے جواب میں ایران کی جانب سے بھی اسرائیل فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی اپنے ایک پیغام میں ایرانی سپریم لیڈر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں کے جواب میں واضح کیا تھا کہ ایران کبھی سرنڈر نہیں کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا کو کسی بھی فوجی کارروائی کے سنگین اور ناقابل تلافی نتائج بھگتنا ہوں گے،ہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر مشروط ہتھیار ڈالنے کی اپیل کو قبول نہیں کریں گے۔