
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کو سرنڈر کرنے کی دھمکی کو رد کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ایران کبھی سرنڈر نہیں کرے گا۔
ایرانی سپریم لیڈر نے سرکاری ٹی وی پر قوم سے خطاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں پر ردعمل میں کہا کہ امریکا کی کسی بھی فوجی کارروائی کے سنگین اور ناقابل تلافی نتائج ہوں گے،ہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر مشروط ہتھیار ڈالنے کی اپیل کو قبول نہیں کریں گے۔
خیال رہے کہ آیت اللہ خامنہ ای کا جمعہ کے بعد یہ پہلا باضابطہ ردعمل ہے، جب اسرائیل نے ایران پر بمباری شروع کی تھی اور انہوں نے سرکاری میڈیا پر نشر کی گئی ایک تقریر میں خطاب کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کا میزائل پروگرام
ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ ’امن یا جنگ ایران پر مسلط نہیں کی جا سکتی‘، دانشمند لوگ جو ایران، ایرانی قوم اور اس کی تاریخ کو جانتے ہیں، وہ اس قوم سے دھمکی آمیز زبان میں کبھی بات نہیں کریں گے، کیوں کہ ایرانی قوم ہتھیار نہیں ڈالے گی۔
آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ اسرائیل نے ایران پر حملہ کرکے سنگین غلطی کی ہے جس کا خمیازہ اسے بھگتنا پڑے گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں کے حوالے سے خامنہ ای کا کہنا تھا کہ جو لوگ ایران کی تاریخ سے واقف ہیں، وہ جانتے ہیں کہ ایرانی دھمکیوں کا اچھے طریقے سے جواب دیتے ہیں۔