کوہستان کرپشن کیس، سابق وفاقی وزیر اعظم سواتی نیب طلب
 کوہستان کرپشن کیس قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وفاقی وزیر و رہنما تحریک انصاف اعظم خان سواتی کو 23جون کو پیش ہونے کی ہدایت کردی۔
فائل فوٹو
پشاور:(ویب ڈیسک) کوہستان کرپشن کیس قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وفاقی وزیر و رہنما تحریک انصاف اعظم خان سواتی کو 23جون کو پیش ہونے کی ہدایت کردی۔

نیب پشاور کی جانب سے تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر اعظم خان کی سواتی کی طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

قومی احتساب بیورو پشاور کی جانب سے جاری نوٹس میں اعظم سواتی کی فرم کا سال 2024کا ریکارڈ طلب کیا گیا ہے ہے، پی ٹی آئی رہنما کوہستان کے ضلعی اکاؤنٹس آفس کے افسران اور دیگر افراد کے خلاف ہونے والی تحقیقات کے سلسلے میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نیب کے مطابق کوہستان کرپشن کیس کی تحقیقات حکومتی فنڈز کی غیرقانونی واپسی اور بدعنوانی کے الزامات کے تحت شروع کی گئی ہیں، نیب کی جانب سے سابق وفاقی وزیر کو بھیجے گئے نوٹس کے مطابق شکایت موصول ہونے کے بعد بیورو نے قومی احتساب آرڈیننس 1999 کی دفعہ 19 کے تحت تحقیقات شروع کی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسلحہ وشراب برآمدگی کیس، علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری معطل

نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ اعظم سواتی کے پاس اس کیس سے متعلق اہم دستاویزات موجود ہیں ، اعظم سواتی 23 جون صبح 11 بجے نیب پشاور آفس میں پیش ہوں اور اپنی فرم کوہستان ایسوسی ایٹس اینڈ بلڈرز کو سال 2024 میں موصول رقم کی مکمل تفصیلات فراہم کریں۔

علاوہ ازیں قومی احتساب بیورو کے نوٹس میں تنبیہ کی گئی ہے کہ اگر اعظم سواتی اس نوٹس کی ہدایات پر عمل نہیں کرتے تو نیب قومی احتساب آرڈیننس 1999 کے تحت ان کے خلاف سخت کارروائی کا مجاز ہوگا۔