رواں سال مون سون کے قبل از وقت شروع ہونیکا امکان
رواں سال مون سون کے دوران مجموعی طور پر معمول سے 25 فیصد زیادہ بارشیں برسنے کا امکان ہے
محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال مون سون جولائی کی بجائے جون کے آخری ہفتے میں شروع ہوسکتا ہے/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) رواں سال مون سون کے دوران مجموعی طور پر معمول سے 25 فیصد زیادہ بارشیں برسنے کا امکان ہے۔ لاہور، ملتان، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور راولپنڈی میں معمول سے 60 فیصد زیادہ بارشیں برس سکتی ہیں۔

رواں سال مون سون کے قبل از وقت شروع ہونے کا بھی امکان ہے۔ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ رواں سال مون سون گزشتہ سال کی نسبت کہیں زیادہ طاقتور ہوگا۔ صورت حال کے پیش نظر مون سون کے دوران اربن فلڈنگ کے خطرات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان: جھیل میں گندہ پانی ڈالنے پر ہوٹل پر 15 لاکھ روپے جرمانہ

محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال مون سون جولائی کی بجائے جون کے آخری ہفتے میں شروع ہوسکتا ہے۔ اِس حوالے سے محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ گزشتہ سردیوں کے دوران چونکہ معمول سے 50 فیصد برفباری کم ہوئی ہے جس بنا پر گرمی کی شدت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ جب بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتا ہے تو یہ اضافہ مون سون کی شدت میں بھی اضافے کا باعث بنتا ہے۔

دوسری طرف انتظامات کے حوالے سے پی ڈی ایم اے پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ صورت حال پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے اور تمام اضلاع کے انتظامی حکام کو اپنے انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔