
پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 20 جون کو ملک بھر کے تمام موبائل صارفین کو 24 گھنٹوں کے لیے 2 جی بی مفت انٹرنیٹ ڈیٹا فراہم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ صارفین کو اسی دن 200 آن نیٹ منٹس بھی بالکل مفت دیے جائیں گے، تاکہ وہ دوستوں اور اہل خانہ سے بلا معاوضہ بات چیت کر سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں صحت کارڈ پلس کا بجٹ 35 ارب روپے تک مختص
پی ٹی اے کے مطابق یہ اقدام اس اہم سنگ میل کی خوشی میں کیا جا رہا ہے جس میں پاکستان نے موبائل سبسکرائبرز کی تعداد کے حوالے سے 20 کروڑ کا ہدف عبور کر لیا ہے یا اس کے انتہائی قریب پہنچ گیا ہے۔ موجودہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں موبائل فون استعمال کرنے والوں کی تعداد 19 کروڑ 77 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ براڈ بینڈ سبسکرائبرز کی تعداد 14 کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ ہو چکی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ ملک میں 80.30 فیصد علاقوں کو موبائل سروس کی سہولت حاصل ہے، جو کہ ایک اہم پیشرفت ہے۔ فکسڈ لائن ٹیلی فون صارفین کی تعداد بھی 30 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان میں ڈیجیٹل رابطوں کا نظام تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔
پی ٹی اے نے اس کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیکج ایک چھوٹا سا تحفہ ہے اُن صارفین کے لیے جنہوں نے ہمیشہ ٹیلی کام سیکٹر پر اعتماد کیا اور اس کے ذریعے اپنی زندگی کو آسان بنایا۔ اس پیکج کا مقصد نہ صرف خوشی منانا ہے بلکہ عوام کو ڈیجیٹل سہولیات سے فائدہ اٹھانے کا موقع بھی دینا ہے۔
یاد رہے کسی بھی نیٹ ورک سے *#2200# ڈائل کر کے یہ آفر حاصل کی جا سکتی ہے۔