
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی کو تھانہ شاد مان جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ میں سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
اے ٹی سی کے ایڈمن جج منظر علی گل نے پی ٹی آئی رہنما عمر سرفراز چیمہ کی درخواست پرسماعت کی، عمر سرفراز چیمہ کی جانب سے ان کے وکیل حسن یوسف شاہ نے ضمانت کی درخواست پر دلائل دیے۔
وکیل صفائی کی جانب سے دیے گئے دلائل سننے کے بعد عدالت نے سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ کی ایک مقدمہ میں ضمانت منظور کرلی ، عدالت نے تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کیس میں عمر سرفراز چیمہ کی ضمانت منظور کرنے کا حکم دیا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا پولی گرافک ٹیسٹ سے انکار، عدالت کا دوٹوک فیصلہ
انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزم عمر سرفراز چیمپ کی ایک لاکھ روپے مالیت کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی۔
خیال رہے کہ رہنما تحریک انصاف عمر سرفراز چیمہ نے جیل سے اپنے وکلاء کی وساطت سے ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔
یاد رہے کہ 9 مئی کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطہ عدالت سے عمران خان کی گرفتاری کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے کیے گئے جن میں فوجی، سول اور نجی املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔
اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ جھڑپوں اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث سیکڑوں افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے کارکنوں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔