
رپورٹس کے مطابق ابتدائی ورکنگ پیپر تیار کر لیا گیا ہے جس میں پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق 16 جون سے پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 12 پیسے فی لیٹر، ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 27 پیسے فی لیٹر اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 13 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذہن نشین رہے کہ یہ سفارشات ابتدائی ورکنگ پیپر میں شامل ہیں جو متعلقہ اداروں نے وزارت خزانہ کو پیش کی ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری سے کیا جائے گا۔
حکومت کی جانب سے منظوری کی صورت میں نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:تنخواہوں میں 10، پنشن میں 7 فیصد اضافہ
ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور روپے کی قدر میں کمی، قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔ اگر ان سفارشات پر عملدرآمد ہوتا ہے تو یہ عوام کیلئے مہنگائی کے نئے طوفان کا پیش خیمہ بن سکتا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں عوام پہلے ہی بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بجلی، گیس کے نرخوں سے پریشان ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافہ عام شہری کی مشکلات میں مزید اضافہ کرے گا۔