راولپنڈی بورڈ کی جانب سے منسوخ شدہ پرچے کی نئی تاریخ کا اعلان
Rawalpindi Board exam
فائیل فوٹو
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (BISE) راولپنڈی نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ون (HSSC-I) کے اسلامی تاریخ کے پرچے کی نئی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے، جو کہ طلبہ کے احتجاج کے بعد منسوخ کر دیا گیا تھا۔

  یاد رہے کہ طلبہ نے متعدد امتحانی مراکز میں شکایات درج کروائی تھی کہ پرچہ نصاب سے باہر سوالات پر مشتمل تھا۔ اس پر امتحان کے دوران ہی نگران عملے نے بورڈ کو درپیش صورتحال سے آگاہ کیا، جس کے بعد BISE راولپنڈی نے فوری طور پر پرچہ منسوخ کرنے کا اعلان کیا تاکہ طلبہ کے تعلیمی مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔

BISE کے ترجمان ارسلان چیمہ کا کہنا تھا کہ پرچہ اب منگل، 17 جون کو پہلے گروپ میں، وہی پرانے امتحانی مراکز اور رول نمبر کے تحت لیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:تنخواہوں میں 10، پنشن میں 7 فیصد اضافہ

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ریگولر امیدواروں کے لیے نئی رول نمبر سلپس ان کے متعلقہ اسکولز کے پورٹل پر اپ لوڈ کر دی گئی ہیں۔ جبکہ پرائیویٹ امیدوار بورڈ کی ویب سائٹ سے اپنی رول نمبر سلپس ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں یا بذریعہ ڈاک حاصل کر سکیں گے۔ تاہم، پہلے جاری کردہ رول نمبر سلپس بھی قابلِ قبول ہوں گی۔

مزید برآں طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وقت پر امتحانی مراکز پہنچیں اور اپنی رول نمبر سلپس ہمراہ لائیں۔ بورڈ کے فوری اقدام کو سراہا جا رہا ہے، اگرچہ اس واقعے نے امتحانی نگرانی اور نصاب کی پابندی پر سوالات ضرور اٹھا دیے ہیں۔