پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا امکان
petrol price hike
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کے باعث 15 جون کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق اگلے پندرہ دن کیلئے پیٹرول کی قیمت میں تقریباً ایک روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر اضافہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق موجودہ ٹیکس شرحوں اور درآمدی اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرول کی ایکس ڈپو قیمت میں ایک روپے فی لیٹر اضافے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ فی الحال ایکس ڈپو پیٹرول کی قیمت 252.63 روپے فی لیٹر ہے، جو زیادہ تر موٹر سائیکل، کار، رکشہ اور دیگر چھوٹی گاڑیوں میں استعمال ہوتا ہے۔ اس کا براہ راست اثر متوسط اور کم آمدنی والے طبقات کے بجٹ پر پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیں:وفاقی بجٹ 26-2025 کی دستاویزات منظرعام پر آگئیں

دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی موجودہ ایکس ڈپو قیمت 254.64 روپے فی لیٹر ہے، جس میں 5 روپے تک اضافے کا امکان ہے۔ چونکہ ڈیزل بھاری گاڑیوں، بسوں، ٹرینوں اور زرعی مشینری جیسے ٹریکٹر اور تھریشرز میں استعمال ہوتا ہے، اس لیے اس کی قیمت میں اضافہ مہنگائی میں مزید اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔

حکومت اس وقت پیٹرول اور ڈیزل پر تقریباً 94 روپے فی لیٹر تک ٹیکس وصول کر رہی ہے، جن میں سے 77.01 روپے ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی اور 78.02 روپے پیٹرول پر لیوی کی مد میں چارج کیے جا رہے ہیں۔ جی ایس ٹی اس وقت صفر ہے، تاہم 16 روپے فی لیٹر تک کسٹم ڈیوٹی اور 17 روپے فی لیٹر سیل و ڈسٹری بیوشن مارجن بھی شامل ہیں۔