کراچی ایک بار پھر لرز اٹھا
Karachi Earthquake
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکوں نے شہریوں کو خوفزدہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ہفتے کی صبح 9 بج کر 53 منٹ پر کراچی کے مختلف علاقوں میں زمین لرز اٹھی، جس کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور کئی افراد گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

رپورٹس کے مطابق زلزلے کے جھٹکے سب سے پہلے شہر کے مشرقی علاقوں میں محسوس کیے گئے، جن میں ملیر، شاہ فیصل کالونی، قائد آباد، یونیورسٹی روڈ اور گلزار ہجری شامل ہیں۔ شہریوں نے سوشل میڈیا پر بھی فوری طور پر زلزلے کے جھٹکوں کی اطلاعات شیئر کیں۔

خیال رہے کہ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر معمولی تھی، تاہم گہرائی 35 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ مرکز ملیر کے شمال میں 12 کلومیٹر دور بتایا گیا ہے۔ زلزلے کی نوعیت سطحی تھی، جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں اسے واضح طور پر محسوس کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:بارشوں کا آغاز،بادل کہاں کہاں برسیں گے؟

واضح رہے کہ تاحال کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم ماہرین نے شہریوں کو محتاط رہنے اور آفٹر شاکس کی صورت میں کھلی جگہ پر منتقل ہونے کی ہدایت دی ہے۔

ذہن نشین رہے کہ کراچی میں یکم جون سے اب تک زلزلے کے 34 جھٹکے محسوس کیے جا چکے ہیں، جن میں سے تمام معمولی شدت کے تھے۔ مسلسل زلزلوں نے ماہرین کو بھی تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، جس کے بعد وہ زیر زمین سرگرمیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں اور افواہوں سے گریز کریں۔