بارشوں کا آغاز،بادل کہاں کہاں برسیں گے؟
Rainfall in Pakistan
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں شدید گرمی کے بعد بالآخر بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا، تیز ہواؤں اور بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا جس کے بعد شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔

گجرات اور گردونواح کے بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی، جبکہ ملکہ کوہسار مری میں ہونے والی بارش نے گرمی سے ستائے سیاحوں کو راحت بخشی۔ کہروڑپکا، دنیاپور اور ملحقہ علاقوں میں بھی ہلکی بارش اور ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو خوشگوار بنا دیا۔ میرپور آزاد کشمیر اور راولا کوٹ میں بھی تیز آندھی اور بارش سے درجہ حرارت میں واضح کمی آئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گرد و نواح میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جبکہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع جیسے چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، مانسہرہ، شانگلہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ اور چارسدہ میں آندھی اور بارش متوقع ہے۔

علاوہ ازیں پنجاب کے متعدد علاقوں میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے جن میں لاہور، مری، گلیات، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، راولپنڈی، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، میانوالی، سرگودھا، بھکر اور حافظ آباد شامل ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے جنوبی اور وسطی اضلاع میں گردآلود ہواؤں کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب سندھ اور بلوچستان میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ تاہم بلوچستان کے کچھ علاقوں جیسے موسیٰ خیل، بارکھان، لورالائی اور ژوب میں رات کے وقت بارش کا امکان ہے۔