سی ایس ایس کا امتحان دینے والی اقلیتی برادری کے لیے بڑا ریلیف
CSS exam
فائیل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک)پاکستان کی تاریخ میں ایک مثبت موڑ، اقلیتی نوجوانوں کو روشن مستقبل کی نوید سنا دی گئی ہے۔

 سی ایس ایس امتحان کی تیاری کے لیے اب اقلیتوں کو بھی وہی سہولیات دستیاب ہوں گی جو پہلے صرف  محدود طبقات کو میسرتھیں۔

پنجاب کے صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی زیر صدارت میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 15اقلیتی نوجوانوں کو سول سروسز اکیڈمی میں تین ماہ کی خصوصی تربیت دی جائے گی۔ اچھی خبریہ ہے کہ اس پروگرام میں لڑکے اور لڑکیاں دونوں شامل ہوں گے۔

یہ تربیت بالکل مفت ہوگی، اور تمام اخراجات محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور پنجاب برداشت کرے گا۔ سردار رمیش سنگھ اروڑہ کا مزید کہنا ہے کہ یہ صرف آغاز ہے، ہمارا ہدف ہے کہ ہر باصلاحیت اقلیتی نوجوان کو وہ پلیٹ فارم مہیا کیا جائے جس سے وہ ملک و قوم کی خدمت کرسکے اور اس کے روشن مستقبل میں اہم کردار ادا کر سکے۔

 یہ بھی پڑھیں:نئے مالی سال میں صوبوں کو کتنا کتنا حصہ ملے گا ؟

یہ اقدام صرف تربیت نہیں، بلکہ خود اعتمادی، برابری اور مواقع کا دروازہ کھولنے کے بھی مترادف ہے۔ اقلیتی نوجوانوں کے اندر بھی یہ احساس بیدار ہوگا کہ ان کے خواب بھی قومی سطح پراہمیت کے حامل ہیں۔

اس موقع پر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا جن کی حمایت سے یہ تاریخی قدم ممکن ہو سکا۔