وفاقی بجٹ کیخلاف پیپلز پارٹی کا ملک گیر احتجاج کا اعلان
PPP budget protest
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی نے وفاقی بجٹ 2025-26 کو سخت الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے بجٹ کی منظوری سے قبل ہی ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

پیپلز لیبر بیورو کے انچارج چوہدری منظور احمد نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ یہ بجٹ امیروں کیلئے بنایا گیا ہے، جس میں غریب عوام کیلئے کچھ نہیں رکھا گیا۔

چوہدری منظور کا کہنا تھا کہ بجٹ میں اشرافیہ کے ہر طبقے کو نوازا گیا ہے، جبکہ غریبوں پر مزید بوجھ ڈال دیا گیا ہے، کیا ساری مالی مشکلات صرف غریبوں کیلئے ہیں؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے اسپیکر، چیئرمین سینیٹ اور کابینہ اراکین کی تنخواہوں میں بے تحاشا اضافہ کیا ہے جسے مالی فحاشی قرار دیا جا رہا ہے۔

پیپلز پارٹی رہنما نے اعلان کیا کہ وہ ٹریڈ یونینز، کسان تنظیموں اور دیگر مزدور طبقوں کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاج کریں گے۔ حکومت کی معاشی پالیسیوں نے محنت کش طبقے کو پس پشت ڈال دیا ہے، جبکہ اشرافیہ کو بے پناہ ریلیف دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اس بار احتجاجی تحریک کا پلان پبلک نہیں کرینگے،گنڈاپور

چوہدری منظور نے پنشن ختم کرنے کے ممکنہ حکومتی فیصلے کو ظالمانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ محنت کش طبقے کے ساتھ سراسر ناانصافی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ہر شعبے کی تنخواہیں 200 فیصد بڑھا رہی ہے لیکن مزدوروں کو صرف مہنگائی کے تناسب سے معمولی اضافہ دیا جا رہا ہے۔