سوشل میڈیا پر دوستی، امریکی خاتون نے پاکستانی نوجوان کو جیون ساتھی چن لیا
امریکی خاتون نے سوشل میڈیا پر دوستی کے بعد جھنگ پہنچ پاکستانی نوجوان کو جیون ساتھی چن لیا۔
امریکی خاتون اور پاکستانی نوجوان کی نکاح کے وقت لی گئی وائرل تصویر
جھنگ: (ویب ڈیسک) امریکی خاتون نے سوشل میڈیا پر دوستی کے بعد جھنگ پہنچ پاکستانی نوجوان کو جیون ساتھی چن لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست ساؤتھ کیرولینا کی رہائشی 27 سالہ امریکی خاتون کیرنشا میڈسائن گریس اور جھنگ کے رہائشی 29 سالہ نعیم الحسن کے درمیان 2 سال قبل سوشل میڈیا کے ذریعے رابطہ ہوا تھا جو بعد میں اتنا گہرا ہوا کہ دونوں نے ایک دوسرے کوزندگی بھر کا ہمسفر بنا لیا۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ امریکی خاتون نے اسلام قبول کرکے اپنا اسلامی نام کنیز عائشہ رکھ لیا اور نکاح کرکے مقامی عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کروایا۔

کیرنشا نعیم سے مسلسل رابطے کے بعد پاکستان پہنچیں اور جھنگ میں جامعہ عربیہ دارالہدیٰ میں اسلام قبول کیا۔

نکاح کی تقریب مقامی وکیل کے چیمبر میں منعقد ہوئی جس میں دلہا نعیم الحسن کے قریبی احباب ، کنیز عائشہ اور دیگر شریک ہوئے، تقریب کے دوران امریکی خاتون نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اسلام اور نعیم الحسن کی محبت سے متاثر ہو کر پاکستان آئی ہیں۔

واضح رہے کہ شادی سے قبل کنیز امریکا میں شادی شدہ تھیں اور ان کے تین بچے بھی ہیں، انہوں نے نعیم الحسن سے تعلق قائم کرنے سے قبل اپنے سابق شوہر سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔