موجودہ حالات میں عمران خان کی رہائی نظر نہیں آرہی: علیمہ خان
 پیٹرن انچیف پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ہمیں اپنے بھائی کی رہائی کا کوئی امکان نظر نہیں آرہا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیٹرن انچیف پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ہمیں اپنے بھائی کی رہائی کا کوئی امکان نظر نہیں آرہا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان احتجاجی تحریک کے حوالے سے جاری تیاریوں سے مطمئن ہیں، ہمیں معلوم ہے عمران خان کا کیا حکم ہے اور پارٹی رہنماؤں نے کیا بیانات دیے ہوئے ہیں، کچھ بھی ہو جائے اب احتجاجی تحریک نہیں رکے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے عمران خان کو کئی ماہ تک پابند سلاسل رکھنے کا ہی منصوبہ بنایا ہوا ہے ، موجودہ حالات میں ہمیں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا فی الحال کوئی امکان نظر نہیں آرہا، ہم پارٹی قیادت کی طرف ہی دیکھ رہے ہیں کہ بانی کی رہائی کے لیے کیا پلان تیار کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت ملتوی

علیمہ خان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پر تمام دروازے بند کردیےگئے ہیں، جج صاحب مجبور ہیں، ہمیں سب کچھ دکھائی دے رہا ہے، عدلیہ پر بہت پریشرہے، ہم ججز کے ساتھ یکجہتی کررہے ہیں ۔

قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی گئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژنل بنچ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کرنا تھی تاہم جسٹس محمد آصف کی رخصت کے باعث کیس کی سماعت ممکن نہ ہو سکی۔