تحریک انصاف کا بجٹ 26-2025 کے موقع پر بھرپور احتجاج کا فیصلہ
 پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے بجٹ26-2025 اجلاس کے دوران بھرپور احتجاج ریکارڈ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے بجٹ26-2025 اجلاس کے دوران بھرپور احتجاج ریکارڈ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آبا د میں پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہو ا جس میں پارلیمانی ارکان شریک ہوئے۔

پارٹی ذرائع نے بتایا ہے دوران اجلاس فیصلہ کیا گیا کہ بجٹ کے موقع پر ایوان میں بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا، حکومت کو بجٹ پیش نہیں کرنے دیا جائے گا،مزاحمت ہو گی اور بھرپور مزاحمت ہو گی۔

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے پارلیمانی ارکان نے کہا کہ ہمارے اراکین کے سوال تک کارروائی میں نہیں لیے جاتے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی بجٹ پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی تیاری

ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ پی ٹی آئی کی پارلیمانی کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ عوام دشمن بجٹ کو بھرپور طریقے سے مسترد کیا جائے گا۔

سینیٹ میں قائد حزب اختلاف و سینئر رہنما تحریک انصاف سینیٹر شبلی فراز نے اس حوالے سے کہا کہ جس کی وجہ سے ہم ایوان میں ہیں وہ جیل میں ہے، جعلی حکومت کو بجٹ پیش کرنے کا کوئی اختیار نہیں، سینیٹ میں بجٹ کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔

قبل ازیں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ بجٹ کے خلاف اپنا بھر پور احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، بجٹ میں کفایت شعاری اور مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے کوئی بھی لائحہ عمل اختیار نہیں کیا گیا ۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ کوئی ریفارمز نہیں لائی جا رہیں، معیشت کی بہتری کے لئے کوئی بڑا قدم نظر نہیں آرہا۔