تحریک انصاف احتجاجی تحریک شروع کرنے کے فیصلے پر مسلسل ناکام
پاکستان تحریک انصاف احتجاجی تحریک شروع کرنے کے فیصلے پر اب تک مسلسل ناکام دکھائی دے رہی ہے۔
فائل فوٹو
پشاور: (سنو نیوز) پاکستان تحریک انصاف احتجاجی تحریک شروع کرنے کے فیصلے پر اب تک مسلسل ناکام دکھائی دے رہی ہے۔

پارٹی ذرائع نے سنو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی نے احتجاجی تحریک شروع کرنے کا معاملہ بانی تحریک انصاف پر چھوڑ دیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے قیادت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی تحریک انصاف کے پیٹرن ا نچیف بننے کے بعد اب فیصلوں کا اختیار ان کے پاس ہے۔

ذرائع کے مطابق سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کے احکامات کو بھی پارٹی ارکان نے ہوا میں اڑا دیا، احتجاجی تحریک شروع کرنے سے متعلق پارٹی اجلاس طلب کیے جانے کے باوجود ارکان کی عدم شرکت نے قیادت پر سوالات اٹھا دیے۔

پارٹی ذرائع کی جانب سے بتایا کہ تحریک انصاف واٹس ایپ پر پارٹی معاملات چلا رہی ہے، سلمان اکرم راجہ ، شیخ وقاص اکرم ، زرتاج گل کور کمیٹی گروپ میں ایکٹیو ہیں جبکہ باقی سینئر قیادت کی پراسرار خاموشی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: علی امین کا عمران خان کی رہائی کی تحریک دوبارہ شروع کرنے کا عندیہ

ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب کے ارکان قومی اسمبلی سے سوالات کیے جانے کے باوجود کوئی جواب بھی نہ مل سکا ، زرتاج گل واٹس ایپ گروپ میں وفاقی بجٹ پیش ہونے کے موقع پر احتجاج کرنے سے متعلق سوالات کرتی رہیں لیکن کسی نے جواب نہ دیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے والے ارکان کو آج کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے جبکہ واٹس ایپ گروپ میں ارکان کی عدم دلچسپی کی وجہ سے علیمہ خان کو کور کمیٹی گروپ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کی جانب سے مزید کہا گیا کہ علیمہ خان کو گروپ میں ایڈ کرنے کے بعد چیئرمین بیرسٹر گوہر علی نے کل کی حکمت عملی کے لیے اہم اجلاس طلب کرنے کا پیغام دے دیا ہے۔