گرج چمک کیساتھ بارش، محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنا دی
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم رہنے کی پیشگوئی کی/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم کچھ علاقوں میں شام اور رات کے وقت بارش کی امید ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں دن کے اوقات میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، جبکہ شام اور رات میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہو سکتا ہے۔ چند مقامات پر تیز ہوائیں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا بھی امکان ہے، جو موسم میں معمولی تبدیلی لا سکتی ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع خصوصاً جنوبی اور وسطی پنجاب میں شدید گرمی پڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ دن بھر درجہ حرارت زیادہ رہنے کا امکان ہے، جبکہ خطہ پوٹھوہار، مری، گلیات اور ان کے گردونواح میں شام کے وقت مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہو سکتا ہے اور تیز ہواؤں یا ہلکی بارش کے امکانات بھی موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عید کی چھٹیوں کا اختتام، موٹروے پولیس کی ٹریول ایڈوائزری جاری

سندھ میں بھی موسم کی شدت برقرار رہنے کی توقع ہے، خاص طور پر کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد اور تھرپارکر سمیت دیگر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ شہریوں کو گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی، خاص طور پر پشاور، بنوں، ڈی آئی خان، چارسدہ اور مردان میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ تاہم بالائی علاقوں جیسے چترال، دیر، کوہاٹ، کرک اور وزیرستان میں شام کے وقت جزوی طور پر مطلع ابر آلود رہ سکتا ہے اور بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش بھی ہو سکتی ہے۔

گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی دن کے وقت گرمی کا راج رہے گا، تاہم شام اور رات کے اوقات میں موسم تبدیل ہو سکتا ہے۔ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور تیز دھوپ سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔