نان رجسٹرڈ ریسٹورنٹس اور شادی ہالوں کی رجسٹریشن کا فیصلہ
پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں نان رجسٹرڈ ریسٹورنٹس اور شادی ہالوں کی رجسٹریشن کا فیصلہ کر لیا
پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں نان رجسٹرڈ ریسٹورنٹس اور شادی ہالوں کی رجسٹریشن کا فیصلہ کیا/ فائل فوٹو
(سنو نیوز) پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں نان رجسٹرڈ ریسٹورنٹس اور شادی ہالوں کی رجسٹریشن کا فیصلہ کر لیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں اس اقدام کی باضابطہ منظوری دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام چھوٹے اور بڑے ریسٹورنٹس اور شادی ہالوں کی رجسٹریشن کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ ٹیکس نیٹ کو بڑھایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: سپیکر و قومی اسمبلی کی تنخواہ میں اضافہ ناقابل فہم ہے: سعد رفیق

وزیراعلیٰ مریم نواز نے اجلاس میں واضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ عوام پر بلاوجہ مالی بوجھ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے ٹیکس بڑھانے کی تمام تجاویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ہدف ٹیکس کی شرح میں اضافہ نہیں بلکہ ٹیکس نیٹ ورک کو وسعت دینا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ جو ادارے رضاکارانہ طور پر رجسٹریشن کرائیں انہیں سزا ملے اور جو ادارے ٹیکس چوری کرتے ہیں وہ آرام سے کام کرتے رہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ہم عام آدمی پر مزید مالی دباؤ نہیں ڈالنا چاہتے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایک دو لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ لینے والا تو باقاعدگی سے ٹیکس دیتا ہے، لیکن کروڑوں روپے کمانے والے افراد ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں، جو انتہائی ناانصافی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹیکس وصولی کے نظام میں شفافیت اور وسعت لائی جائے۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب ریونیو اتھارٹی، مائنز اینڈ منرل ڈیپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ ریونیو بڑھانے کے نئے ذرائع تلاش کریں اور موجودہ نظام میں بہتری لائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ترجیح مالی نظم و ضبط کو بہتر بنانا ہے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ ہر ادارہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرے۔