جسٹس منصور علی شاہ نے قائم مقام چیف جسٹس کا حلف اٹھا لیا
سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس سید منصور علی شاہ نے قائم مقام چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
سپریم کورٹ کی سینئر جج جسٹس عائشہ اے ملک نے جسٹس منصور علی شاہ سے باضابطہ طور پر حلف لیا/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس سید منصور علی شاہ نے قائم مقام چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

حلف برداری کی یہ اہم تقریب سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں منعقد ہوئی، جہاں سپریم کورٹ کی سینئر جج جسٹس عائشہ اے ملک نے جسٹس منصور علی شاہ سے باضابطہ طور پر حلف لیا۔

تقریب میں سپریم کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ کے معزز ججز، سینئر وکلا، اور دیگر اہم قانونی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر جن ججز نے شرکت کی ان میں جسٹس شاہد وحید، جسٹس عامر فاروق، جسٹس شاہد بلال حسن اور جسٹس علی باقر نجفی شامل تھے۔ تقریب میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز اور دیگر ممتاز وکلا بھی شریک ہوئے جنہوں نے جسٹس منصور علی شاہ کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی وزیراعظم کی مذاکرات کی پیشکش قبول کرے: رانا ثناءاللہ

جسٹس منصور علی شاہ کا شمار سپریم کورٹ کے قابل اور اصول پسند ججوں میں ہوتا ہے، جنہوں نے اپنے کیریئر کے دوران متعدد اہم فیصلے دیے اور آئینی و قانونی معاملات پر گہری بصیرت کا مظاہرہ کیا۔ انہیں عدالتی اصلاحات، عدلیہ کی آزادی، اور بنیادی انسانی حقوق کے حوالے سے ایک مضبوط آواز سمجھا جاتا ہے۔

بطور قائم مقام چیف جسٹس، جسٹس منصور علی شاہ اب سپریم کورٹ کے انتظامی اور عدالتی معاملات کی نگرانی کریں گے، جب تک مستقل چیف جسٹس اپنی ذمہ داریاں دوبارہ نہیں سنبھالتے۔

ذرائع کے مطابق، موجودہ چیف جسٹس یحیٰ آفریدی بیرونِ ملک مصروفیات یا مختصر رخصت پر ہیں، جس کے باعث یہ عبوری انتظام کیا گیا ہے۔