پی ٹی آئی وزیراعظم کی مذاکرات کی پیشکش قبول کرے: رانا ثناءاللہ
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کو دعوت ہے بھارت کی جارحیت کے خلاف جس اتحاد کا مظاہرہ کیا ملکی مسائل کے حل کیلئے بھی اسی جذبہ سے آگے بڑھیں
مشیر وزیر اعظم رانا ثنااللہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے/ فائل فوٹو
فیصل آباد: (سنو نیوز) رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کو دعوت ہے بھارت کی جارحیت کے خلاف جس اتحاد کا مظاہرہ کیا ملکی مسائل کے حل کیلئے بھی اسی جذبہ سے آگے بڑھیں، اپوزیشن خط لکھنے کی بجائے وزیر اعظم کی دعوت کو قبول کریں۔

مشیر وزیر اعظم رانا ثنااللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی اس موقع پر آئی ہے جب پاکستان معاشی استحکام حاصل کر چکا ہے، آج ایسے پاکستان کا خواب پورا ہوتا نظر آ رہا ہے جہاں ہر شہری خوشحال ہو، بھارت نے بلا جواز پاکستان کو کمزور سمجھ کر حملہ کیا، پاکستان کی مسلح افواج نے قوم کی حمایت سے منہ توڑ جواب دیا، بھارت کو ایسا جواب ملا پوری دنیا میں رسوا ہو گیا۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ نریندر مودی منہ چھپائے پھر رہا ہے، پاکستان کی قوم نے جس اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا اس کے نتیجہ میں یہ کامیابی ملی، آج پاکستان مضبوط اور طاقتور مسلم ایٹمی قوت کے طور پر جانا جاتا ہے، آج پاکستان کے پاسپورٹ کی عزت ہے، نواز شریف کی سیاسی بصیرت اور سربراہی میں حکومت نے اہم فیصلے کئے اور استحکام ملا، آئیں بیٹھیں الیکشن کمیشن کی تشکیل اور ترمیم پر بات کریں۔

یہ بھی پڑھیں: سب سے بڑی قربانی حق کی راہ میں نکلنا ہے: عمران خان

انہوں نے کہا کہ ذاتی مقاصد سے پہلے 24 کروڑ عوام کے مسائل پر بات کریں،آج پاکستان کو پوری دنیا میں ہر ملک کی جانب سے اہمیت اور عزت دی جا رہی ہے، سیاسی، ذاتی اور گروہی معاملات میں اس موقع کو ضائع کرنے سے قومی نقصان ہوگا، ایک طرف بانی چئیرمین حکومت پر الزام لگاتے ان کی ملاقات نہیں ہوتی تو حکومت ذمہ دار ہے، دوسری جانب کہتے ہیں حکومت کے پاس اختیار نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی چئیرمین سیاسی تحریک شروع کرتے ہیں تو اپنے کارکنوں کو مشکل میں ڈالیں گے، اس وقت پی ٹی آئی کسی تحریک چلانے کی پوزیشن میں نہیں ہے، بانی چئیرمین ذاتی مفادات کو چھوڑ کر قومی اتفاق رائے کیلئے آگے آئیں ان کے ذاتی مسائل بھئ حل ہو جائیں گے، عمران خان اس کو دھیان میں رکھیں کس طرح ان کا پہلا جلسہ کامیاب ہوا تھا اور کسیے اقتدار ملا، اگر بانی چئیرمین کا یہ رویہ ہے کہ ملک کی معیشت سمیت ہر معاملہ کو اپنی ذاتی رہائی سے مشروط کرتے ہیں تو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

لیگی رہنما نے کہا کہ مودی کے ہندوستان کے عزائم تو ٹھیک نہیں ہیں، مودی کی سیاست دیکھیں تو پاکستان دشمن ہونے کے ساتھ مسلمان دشمن بھی ہے، جب تک مودی ہے بھارت کے عزائم تو ٹھیک نہیں ہو سکتے، عزائم جیسے بھی ہوں اب بھارت پاکستان پر حملہ کا سوچ بھی نہیں سکتا، بھارت پہلے بھی پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے، اب پہلے سے زیادہ اس طرح کی تخریب کاری کر سکتا ہے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فوجی قیادت نے اپنے حصہ کا کام بہترین کر دیا ہے، سیاستدانوں کو بھی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہئے، پاکستان کو معاشی مسائل کے حل کیلئے چارٹرڈ آف اکانومی کرنا چاہئے، پاکستان مستحکم ہو جائے گا تو سبھی کیلئے سیاست کے مزید مواقع سامنے آئیں گے، مسلم لیگ ن پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کروانے میں سنجیدہ ہے، آئین کے مطابق انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہی ہوں گے۔