
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عید قربان صرف جانوروں کی قربانی کا نام نہیں بلکہ اس کی اصل روح یہ ہے کہ اللہ کی راہ میں خلوصِ نیت کے ساتھ اپنی سب سے قیمتی چیز قربان کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان جن مشکل حالات سے گزر رہا ہے، ان میں سب سے بڑی قربانی یہ ہے کہ قوم حق اور سچ کی راہ پر نکلے، کیونکہ یہی قربانی اس وقت سب سے افضل جہاد ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی کال پر احتجاجی تحریک شروع ہوگی: عمر ایوب
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک پاکستانی قوم حقیقی آزادی کی جدوجہد میں کسی قسم کی قربانی سے گریز نہیں کرے گی، تب تک ملک کے مسائل کا خاتمہ ممکن نہیں۔ ان کے مطابق ہر فرد کو چاہیے کہ وہ ظلم، ناانصافی، اور جبر کے نظام کے خلاف آواز بلند کرے اور ملک کو ان اندھیروں سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا: "میں اور میرے ساتھی جو سیاسی قیدی ہیں، ہم سب اللہ کی رضا اور عوام کے حقوق کے لیے قربانی دے رہے ہیں۔ ہماری جدوجہد صرف اقتدار کے لیے نہیں، بلکہ ایک ایسے پاکستان کے لیے ہے جو انصاف، آزادی اور خودداری پر قائم ہو۔"
سابق وزیراعظم عمران خان کا عیدالاضحٰی کے موقع پر اڈیالہ جیل سے پاکستانی قوم کےنام خصوصی پیغام
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) June 7, 2025
(05-06-2025)
“تمام پاکستانیوں کو عید الاضحٰی مبارک
یہ عید قربان ہے جس کی روح اللہ کی راہ میں صدق دل سے قربانی کرنا ہے۔ پاکستان اس وقت جن حالات سے گزر رہا ہے ان میں سب سے بڑی قربانی حق…
اپنے پیغام میں عمران خان نے مولانا رومی کا ایک مشہور قول بھی دہرایا: "اگر انسان کو اللہ نے پر عطا کیے ہیں، تو اسے چیونٹی کی طرح رینگنے کا کوئی جواز نہیں۔" انہوں نے کہا کہ یہ قول آج ہر پاکستانی کے لیے مشعل راہ بننا چاہیے تاکہ وہ اپنی عزت، خودداری اور آزادی کے لیے کھڑا ہو۔
عیدالاضحیٰ کے اس مقدس موقع پر عمران خان نے قوم سے اپیل کی کہ وہ اپنی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داریوں کو پہچانیں اور ملک کو ایک خودمختار، باوقار اور آزاد ریاست بنانے کے لیے جدوجہد کا حصہ بنیں۔