پاکستان نے مقبوضہ کشمیر بارے بھارتی وزیراعظم کے بیانات کو مسترد کردیا
پاکستان نے مقبوضہ کشمیر بارے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے گمراہ کن بیانات کو سختی سے مسترد کر دیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر بارے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے گمراہ کن بیانات کو سختی سے مسترد کر دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ بھارتی وزیر اعظم کے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے متعلق بے بنیاد اور گمراہ کن بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہیں، اس قسم کے بیانات مقبوضہ علاقے سے سنگین اور مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی دانستہ کوشش ہیں۔

دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ شدید افسوس ہے بھارتی وزیر اعظم نے ایک بار پھر بغیر کسی ثبوت کے پہلگام حملے کا الزام پاکستان پر لگایا۔

ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے، مقبوضہ کشمیر کی حتمی حیثیت کا تعین اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق ہونا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دشمن نے دوبارہ جارحیت کی ہمت کی تو منہ توڑ جواب ملے گا: وزیراعظم

دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ محض بیانات اور دعوے مقبوضہ کشمیر کی قانونی اور تاریخی حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتے،مقبوضہ کشمیر میں ترقی کے دعوے اس حقیقت کے سامنے کھوکھلے ہیں کہ وہاں فوجی موجودگی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بنیادی آزادیوں کو دبایا جا رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں من مانے انداز سے گرفتاریاں کی جا رہی ہیں، بین الاقوامی قوانین بشمول جنیوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی منظم کوششیں جاری ہیں۔

دفتر خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ پاکستان جموں و کشمیر کے عوام کی جائز حقوق اور وقار کے لیے جاری جدوجہد میں اصولی حمایت پر قائم ہے، بین الاقوامی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارت کو اس کے مظالم پر جوابدہ ٹھہرائیں،کشمیری عوام کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت دیا جائے۔