
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کا دورہ کیا جہاں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو بھی موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم نے آپریشن بنیان مرصوص میں پاک بحریہ کے اہم کردار کو سراہا اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا، کمانڈر پاکستان فلیٹ نے پاک بحریہ کی سٹریٹجک ، آپریشنل تیاریوں اور جاری آپریشن پر وزیراعظم کو بریفنگ دی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ وزیراعظم نے پاک بحریہ کے افسران اور سیلرز سے بات چیت کی اور پاک بحریہ کی مثالی پیشہ وارانہ مہارت، جنگی تیاری اور قومی دفاع کے لیے ثابت قدمی کو سراہا، وزیراعظم نے پاکستان کی مسلح افواج کی صلاحیتوں پر غیر متزلزل اعتماد کا اعادہ بھی کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کشیدہ صورتحال میں پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی تھی، بہادر افواج کے درمیان مربوط تعاون تاریخ کا سنہری باب ہے، بری فوج نے فتح میزائل اور دیگر ہتھیاروں سے دشمن کے ٹھکانوں کو درستگی سے نشانہ بنایا، فضائیہ کے شاہینوں نے جدید ٹیکنالوجی سے دشمن کو سبق سکھایا، دشمن یہ سبق ہمیشہ یاد رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کی تیاری بھی مثالی تھی، پاکستان نیوی 1965 کی طرح دوارکا کی تاریخ دہرانے کیلئے تیار تھی، ہماری بحریہ ہر قسم کی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل تیار تھی، ہماری بھرپور تیاری سے دشمن کو جارحیت کی ہمت نہ ہوئی، پاک بحریہ کی مستعدی کی وجہ سے بھارتی ایئرکرافٹ کیریئر وکرانت آگے نہ بڑھ سکا، رافیل کا انجام دیکھ کر وکرانت بھی میدان چھوڑ کر بھاگ گیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ نے بندرگاہوں اور تجارتی راستوں کا بھرپور تحفظ کیا، ہماری افواج کی بھرپور تیاری کی وجہ سے دشمن ہمارا بال بھی بیکا نہ کر سکا، کئی گنا بھاری دشمن ہر محاذ پر مفلوج دکھائی دیا، قوم کو یقین تھا دشمن بحری محاذ پر بھی ناکام ہو گا، افواج پاکستان نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ کشیدگی کے دوران ہماری بندرگاہیں مکمل فعال تھیں، بھارت کے ساحل پر تجارتی سرگرمیاں ماند پڑ گئیں، ہمارے نڈر سپوتوں نے وطن عزیز کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا ہے، جوانوں کے جذبے اور ایمانی قوت نے عزم مزید مضبوط کردیا، اپنے تمام غازیوں اور شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، پاک بحریہ کی غیر معمولی کارکردگی پر ہمیں فخر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی سے پاک بحریہ کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہوا، دشمن بھی تسلیم کرتا ہے پاک بحریہ نے خطے میں طاقت کا توازن بدل دیا ہے، پاکستان امن پسند ملک ہے، ہم تمام مسائل کا پرامن حل چاہتے ہیں ، دشمن نے دوبارہ جارحیت کی تو منہ توڑ جواب پائے گا، وطن عزیز کے ہر انچ کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں، دفاعی میدان کی طرح معاشی محاذ پر بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دشمن کے عزائم ناکام بنانے والے ہمارے محسن ہیں، مشکل وقت میں یکجہتی کا اظہار کرنے والے دوست ممالک کے مشکور ہیں، پاکستان نے پہلگام واقعہ کی غیر جانبدارانہ شفاف عالمی تحقیقات کی پیشکش کی، ہمارےمؤقف کی تائید کرنے والے دوست ممالک کے شکرگزار ہیں، ترکیہ ، سعودی عرب، قطر ، یو اے ای اور دوسرے دوست ممالک کے مشکور ہیں۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا، کشیدہ صورتحال میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کا معترف ہوں، صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ نے جنگ بندی میں کلیدی کردار ادا کیا، مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے صدر ٹرمپ کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔