
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر سعودی ولیِ عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچے۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ سید محسن رضا نقوی اور وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی وزیرِاعظم کے ہمراہ تھے۔
گزشتہ شب وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے وفد کے ہمراہ عمرہ کی سعادت کی، پاکستانی وفد کے لیے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا، وزیراعظم اور آرمی چیف نے خانہ کعبہ میں وفد کے ہمراہ نوافل ادا کیے۔
وزیراعظم اور آرمی چیف نے بنیان مرصوص کی عظیم فتح پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور پاکستان کی معاشی میدان اور عوامی فلاح کیلئے اقدامات کے حوالے سے حالیہ کامیابیوں پر اللہ رب العزت کا شکر ادا کرتے ہوئے۔
اس دوران پاکستانی وفد نے ملکی ترقی و خوشحالی کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ بالخصوص ظلم و جبر کے شکار کشمیری و فلسطینی مسلمان بہن بھائیوں کیلئے خصوصی دعائیں بھی کیں۔
علاوہ ازیں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شاہی دیوان میں ولی عہد و وزیرِ اعظم سعودی عرب شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے دئیے گئے خصوصی ظہرانے میں بطور مہمانِ خاص شرکت کی۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیرِ اعظم کا خصوصی استقبال کیا اور خود گاڑی چلا کر وزیرِ اعظم کو ظہرانے میں شرکت کیلئے لے کر گئے،ظہرانے میں سعودی ولی عہد نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا بھرپور استقبال کیا اور دونوں رہنماؤں کے مابین غیر رسمی گفتگو ہوئی۔
سعودی ولی عہد کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں مشرق وسطیٰ کے اہم رہنماؤں سمیت سعودی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ سعودی سول و عسکری قیادت نے بھی شرکت کی۔