سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کی طبیعت ناساز، ہسپتال منتقل
سابق وفاقی وزیر و سینئر رہنما مسلم لیگ ن خواجہ سعد رفیق کو طبیعت ناساز ہونے پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) سابق وفاقی وزیر و سینئر رہنما مسلم لیگ ن خواجہ سعد رفیق کو طبیعت ناساز ہونے پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق کی طبیعت اچانک ناساز ہو گئی جس پر انہیں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) منتقل کیا گیا۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آئی سی پروفیسر بلال محی الدین نے بتایا کہ خواجہ سعد رفیق کو دل کی ڈھرکن تیز ہونے پر ہسپتال لایا گیا تھا جہاں ان کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے، خواجہ سعد رفیق کی ای سی جی سمیت دیگر ٹیسٹ بھی بہتر آئے ہیں۔

پروفیسر بلال محی الدین نے مزید بتایا کہ ہسپتال میں خواجہ سعد رفیق کو طبی امداد دی گئی، طبیعت میں بہتری پر سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کو ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا اور انہیں ذہنی سکون اور آرام کی ہدایت کی ہے۔

خیال رہے کہ خواجہ سعد رفیق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور پاکستان کی سیاست میں ایک نمایاں شخصیت ہیں، ان کا سیاسی سفر کئی دہائیوں پر محیط ہے جس میں انہوں نے مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔

خواجہ سعد رفیق نے 1980 کی دہائی میں مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن سے وابستگی کے ساتھ سیاسی سفر کا آغاز کیا ،1997 میں وہ پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور اس وقت کے وزیراعلیٰ پنجاب میاں نواز شریف کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان کے طور پر خدمات انجام دیں۔

2002 میں وہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور 2008 میں دوبارہ منتخب ہو کر وفاقی وزیر برائے ثقافت اور امور نوجوانان مقرر ہوئے، 2013 میں انہیں وزیر ریلوے مقرر کیا گیا، جہاں انہوں نے ریلوے کے شعبے میں نمایاں بہتری لانے کے لیے اقدامات کیے۔

2018 میں وہ دوبارہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور 2022 میں شہباز شریف کی کابینہ میں وزیر ریلوے کے طور پر خدمات انجام دیں۔