گیس لیکج دھماکے میں سابق سینیٹر عباس آفریدی انتقال کرگئے
سابق سینیٹر عباس آفریدی گیس لیکج دھماکے میں شدید زخمی ہونے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے
سابق سینیٹر عباس آفریدی /فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) سابق سینیٹر عباس آفریدی گیس لیکج دھماکے میں شدید زخمی ہونے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔

تفصیلات کے مطابق، عباس آفریدی گزشتہ روز اعظم باغ میں پیش آنے والے گیس لیکج کے ایک خوفناک دھماکے میں بری طرح جھلس گئے تھے۔ دھماکے کے فوری بعد انہیں تشویشناک حالت میں سی ایم ایچ کھاریاں برن سینٹر منتقل کیا گیا تھا، جہاں ڈاکٹرز کی جانب سے مسلسل طبی امداد دی جا رہی تھی۔ تاہم ان کی حالت نازک رہی اور آج وہ زندگی کی بازی ہار گئے۔

یہ بھی پڑھیں: 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس: نیب کو 11 جون تک وقت مل گیا

عباس آفریدی کا شمار خیبر پختونخوا کے اہم سیاسی شخصیات میں ہوتا تھا۔ وہ ماضی میں سینیٹر کی حیثیت سے نہ صرف ایوان بالا کا حصہ رہے بلکہ کئی عوامی فلاحی منصوبوں میں بھی سرگرم رہے۔ ان کے انتقال سے نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے علاقے میں غم کی فضا طاری ہے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق، عباس آفریدی کی نماز جنازہ بابری بانڈہ، کوہاٹ میں ادا کی جائے گی، جہاں عزیز و اقارب، سیاسی رہنما، اہل علاقہ اور کارکنان کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔

دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گیس لیکج دھماکے کے واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکہ گیس کے اخراج کے باعث ہوا جو اچانک چنگاری سے پھٹ گیا۔ اس افسوسناک واقعے میں مزید تین افراد بھی جھلس کر زخمی ہوئے تھے، جو اس وقت بھی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور تکنیکی ماہرین کی مدد سے یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آیا گیس لیکج کسی انسانی غلطی یا ناقص تنصیب کا نتیجہ تھی۔