عیدالاضحیٰ کے ایام میں درجہ حرات میں اضافے، ہیٹ ویو کی پیشگوئی
 صوبائی ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے عید الاضحیٰ کے ایام میں درجہ حرارت میں اضافے اور ہیٹ ویو بارے الرٹ جاری کردیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) صوبائی ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے عید الاضحیٰ کے ایام میں درجہ حرارت میں اضافے اور ہیٹ ویو بارے الرٹ جاری کردیا۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق 7 سے 12 جون تک پنجاب کے بڑے شہروں اور میدانی علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے اور ہیٹ ویو کے خدشات ہیں،آئندہ چند روز میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ 12 جون تک دن کے اوقات میں درجہ حرارت 05 سے 07 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے ۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے،انتظامیہ عوامی مقامات پر صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائے،ہسپتالوں اور موبائل ہیلتھ یونٹس میں ہیٹ سٹروک سے متعلق ابتدائی طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ گرمی اور لو کی شدت میں اضافے سے عوام الناس کو بھی محتاط رہنا ہو گا، عید الاضحیٰ کی مناسبت سے شہری کھانے کا خاص رکھیں،گرمی اور ہیٹ ویو میں گوشت اور خوراک موسم کی مناسبت سے کھائیں ۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ دوپہر کے وقت کام کرنے والے لو سے بچنے کا اہتمام کریں، ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں اور سر ڈھانپ کر رکھیں ،بچوں اور بزرگوں کا خاص خیال رکھیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں ۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ پرنٹ ، سوشل و الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے شہریوں کو ہیٹ ویو بارے آگاہی دی جا رہی ہے ،ایمرجنسی میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 یا ریسکیو 1122سے رابطہ کریں۔

ہیٹ ویو کے خدشے کے پیش نظر ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے صوبہ بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سمیت متعلقہ محکمے متوقع ہیٹ ویو کے پیش نظر الرٹ رہیں۔