
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق عید پر لاکھوں افراد اپنے آبائی علاقوں کا رخ کرتے ہیں، جس کے باعث ٹریفک کا دباؤ بڑھ جاتا ہے۔ ایسے میں احتیاطی تدابیر اپنانا نہایت ضروری ہے۔
ایڈوائزری میں شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ سفر سے قبل گاڑی کا مکمل معائنہ کر لیں، جن میں انجن آئل، پانی، بریکس، اور ٹائر پریشر شامل ہیں۔
ڈرائیورز کو تاکید کی گئی ہے کہ دورانِ ڈرائیونگ سیٹ بیلٹ پہننا، حد رفتار کی پابندی، مناسب فاصلہ رکھنا اور لین اور لائن کا خیال رکھنا انتہائی ضروری ہے۔
موٹروے پولیس نے یہ بھی واضح کیا کہ لمبے سفر سے قبل ڈرائیور کا فریش ہونا لازمی ہے۔ ہر 2 سے 2.5 گھنٹے بعد آرام کرنا چاہیے، جبکہ نیند یا غنودگی کی حالت میں ڈرائیو کرنا انتہائی خطرناک ہے۔
علاوہ ازیں مسافر گاڑیوں میں اوورلوڈنگ یا اوورچارجنگ کی صورت میں شہری فوری طور پر موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر شکایت درج کروا سکتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ موٹروے پولیس ہر وقت عوام کی مدد کے لیے تیار ہے، اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں 130 ہیلپ لائن پر فوری رابطہ کریں۔
خیال رہے کہ یہ ایڈوائزری شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور عید کا سفر خوشگوار بنانے کیلئے جاری کی گئی ہے۔