بارش، آندھی اور ژالہ باری کی پیشگوئی، محکمہ موسمیات کا الرٹ
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ہے
محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارش، آندھی اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ہے، جس سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔ ان علاقوں میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسمی تغیرات شہری زندگی کو متاثر کر سکتے ہیں۔ خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی موجود ہیں۔

خیبر پختونخوا کے متعدد اضلاع میں بھی بارشوں کا سلسلہ متحرک ہونے والا ہے۔ ان میں مردان، نوشہرہ، چارسدہ، چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کوہستان، بٹگرام، ہری پور، تورغر، صوابی، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، خیبر اور ضلع کرم شامل ہیں، جہاں مختلف مقامات پر تیز بارش اور ژالہ باری کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عید الاضحیٰ پر گرج چمک کیساتھ بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں بارش کی شدت کے باعث نشیبی مقامات پر پانی جمع ہونے اور بجلی کی فراہمی میں تعطل جیسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، اس لیے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

دوسری جانب جنوبی خیبرپختونخوا اور پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ خاص طور پر جنوبی پنجاب میں درجہ حرارت 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جو شہریوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ ماہرین صحت نے اس موسم میں غیر ضروری باہر نکلنے، دھوپ میں کام کرنے اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کی تاکید کی ہے۔

ادھر سندھ اور بلوچستان کے میدانی علاقے بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، نوابشاہ، تربت، گوادر اور کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں درجہ حرارت میں اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔