
قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ شریک ہوئے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور، وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب سرفراز بگٹی اور قومی اقتصادی کونسل کے دیگر ارکان بھی اجلاس میں شریک تھے۔
اعلامیہ کے مطابقاجلاس کو مالی سال 25-2024میں معیشت کی کارکردگی کے حوالے سے نظر ثانی شدہ اشاریے پیش کیے گئے، بریفنگ میں بتایا گیا کہ سال25-2024 میں 3483 بلین روپے سالانہ قومی ترقیاتی پروگرام پر خرچ کیے جا رہے ہیں، اس میں 1100 بلین روپے وفاق جبکہ 2383 بلین روپے صوبوں کا حصہ ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ جولائی 2024 تا اپریل 2025 ترسیلات زر میں 30.9 فیصد اضافہ ہوا اور کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس پہلی مرتبہ مثبت رہا، مالی سال 2024-2025 میں مالیاتی خسارہ مزید کم ہو کر مجموعی قومی پیداوار کا 2.6 فیصد رہا جبکہ پرائمری بیلنس اضافے کے بعد مجموعی قومی پیداوار کا 3 فیصد رہا۔
شرکاء کو بتایا گیا کہ حکومتی پالیسیوں اور اقدامات سے پالیسی ریٹ بتدریج کمی کے بعد 11 فیصد پر آیا جبکہ جولائی 2024 سے مئی 2025 تک نجی شعبے کی ترقی کے لیے دیے جانے والے قرضے بڑھ کر 681 ارب تک پہنچ گئے۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں 25-2024 کے لیے مجموعی قومی پیداوار کی 2.7 فیصد شرح نمو اور اگلے مالی سال کے لیے 4.2 فیصد شرح نمو کی منظوری دے دی گئی،اجلاس میں قومی اقتصادی کونسل کے 6 نکاتی ایجنڈا کی اتفاق رائے سے منظوری دی گئی۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ 25-2024 میں مجموعی قومی پیداوار کا حجم 114 ٹریلین روپے یا 411 ارب ڈالر ہو گا، اجلاس کے شرکاء نے 26-2025 کے سالانہ ترقیاتی پلان کی بھی منظوری دے دی۔
یہ بھی پڑھیں: چیف الیکشن کمشنر کی تقرری، وزیراعظم کی اپوزیشن لیڈر کو ملاقات کی دعوت
اجلاس میں 26-2025 کے لئے 4224 بلین روپے کے قومی ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی گئی جس میں 1000 بلین روپے وفاقی جبکہ 2869 بلین روپے صوبائی ترقیاتی منصوبوں کے اخراجات کے لیے مختص ہوں گے، اجلاس نے مالی سال 26-2025کے لئے میکرو اکنامک فریم ورک اور اہداف کی منظوری بھی دے دی۔
اعلامیہ کے مطابق قومی اقتصادی کونسل نے متعلقہ وزارتوں، صوبوں اور سرکاری اداروں کو مجوزہ سالانہ پلان 26-2025 کے اہداف کے حصول کے لئے وزارت منصوبہ بندی کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ہدایت کی، ترقیاتی منصوبوں میں صحت، تعلیم، انفرا سٹرکچر، واٹر سیکٹر، اور ہاؤسنگ کے شعبوں کو ترجیح دی جائے گی۔
دوران اجلاس قومی اقتصادی کونسل کو اپریل 2024 سے مارچ 2025 تک CDWP کی پیشرفت پر رپورٹ پیش کی گئی،اجلاس میں اپریل 2024 سے مارچ 2025 کے دوران CDWP اور ECNEC سے منظور کئے گئے قومی ترقیاتی منصوبوں کی تفصیل بھی پیش کی گئی۔
اجلاس نے 13ویں پانچ سالہ منصوبے (2029-2024) کی منظوری دی جبکہ اڑان پاکستان فریم ورک کی بھی منظوری دی گئی، اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ 13 واں پانچ سالہ منصوبہ اور اڑان پاکستان باہمی طور پر ہم آہنگ ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس کو سالانہ قومی ترقیاتی پروگرام کے منصوبوں کی تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ رپورٹ بھی پیش کی گئی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رپورٹ کی سفارشات کی روشنی میں مستقبل کے منصوبوں کی پلاننگ کی جائے گی ۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے نے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کے تمام نکات کی اتفاق رائے سے منظوری پر شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قومی امور پر اسی طرح اتفاق رائے پاکستان کے روشن مستقبل کی ضامن ہے۔
اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم نے اجلاس کے شرکاء کو 10 مئی کے معرکہ حق میں پاکستان کی تاریخ ساز فتح پر مبارکباد بھی پیش کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور دلیری کی بدولت معرکہ حق میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو فتح سے نوازا، بھارت کا پاکستان کے خلاف حالیہ بیانیہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے جس سے خطے میں امن و سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں، پاکستانی عوام ملکی سالمیت کے تحفظ کے لیے بھارت کے خلاف مکمل طور پر یکجا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی پاکستان کو آبی وسائل سے محروم کرنے کی دھمکیاں نا قابل قبول ہیں، ہم معرکہ حق کے بعد آبی وسائل کے تحفظ کی جد وجہد میں بھی انشاء اللہ بھارت کو شکست دیں گے، تمام وزراء اعلیٰ کے ساتھ خصوصی اجلاس میں بھارتی جارحیت کے تناظر میں پاکستان کے آبی وسائل کے تحفظ کے لیے مضبوط حکمت عملی پر مشاورت کی جائے گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبے مل کر پاکستان کے آبی وسائل کو محفوظ رکھنے میں کامیاب ہوں گے، ملک میں حالیہ معاشی استحکام وفاق اور صوبوں کی مشترکہ کاوشوں کی بدولت ممکن ہوا، ملک معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ زرعی شعبہ ملکی زر مبادلہ میں اضافے اور شرح نمو میں اضافے کے لیے مرکزی کردار ادا کرتا ہے، زرعی پیداوار میں بتدریج اضافے کے لیے حکمت عملی تشکیل دی جا رہی ہے۔