چیف الیکشن کمشنر کی تقرری ، وزیراعظم کی اپوزیشن لیڈر کو ملاقات کی دعوت
نئے چیف الیکشن کمشنر اور دو ممبران کی تعیناتی کے حوالے سے مشاورت شروع کردی گئی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نئے چیف الیکشن کمشنر اور دو ممبران کی تعیناتی کے حوالے سے مشاورت شروع کردی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے چیف الیکشن کمشنر و ممبران کی تقرری کے سلسلے میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمرایوب کو خط لکھ کر ملاقات کی دعوت دے دی۔

خط میں وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا کہ چیف الیکشن کمشنر اور دو ممبران کی مدت ملازمت رواں برس 26 جنوری کو ختم ہو چکی ہے جبکہ انہوں نے آئین کے آرٹیکل 215 کے تحت کام جاری رکھا ہوا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 218 کے تحت چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کیلئے تجاویز پارلیمانی کمیٹی کو ارسال کرنی ہیں، چیف الیکشن کمشنر اور دو ممبران کی تقرری کیلئے آپ کو ملاقات کی دعوت دیتا ہوں۔

دوسری جانب اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اپنے خلاف نااہلی سے متعلق ریفرنس کی تفصیلات مانگ لیں۔

رہنما تحریک انصاف عمر ایوب نے خط میں مطالبہ کیا کہ ریفرنس کی قانونی و آئینی بنیاد، مصدقہ نقل اور کارروائی کا ریکارڈ فراہم کیا جائے ، الزام، نااہلی کے ریفرنس پر آئینی نکات، آرٹیکل 62، 63 کے تحت ریفرنس کی قانونی توجیح فراہم کی جائے۔

انہوں نے سپیکر ایاز صاد ق سے ریفرنس کی مکمل مصدقہ کاپی اور شواہد فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا، اپوزیشن لیڈر نے خط میں ریفرنس پر فیصلے کے دوران کی اندرونی کارروائی اور فائل نوٹنگز کی فراہم کی بھی ڈیمانڈ کی۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ آرٹیکل 63(2) کے تحت سپیکر کی صوابدیدی مثالیں بھی دی جائیں، قانونی عمل، شفافیت اور منصفانہ کارروائی کیلئے تفصیلات فراہم کی جائیں۔

یاد رہے کہ سابق رکن قومی اسمبلی بابر نواز نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ریفرنس مزید کارروائی کیلئے الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا تھا۔