پنجاب حکومت کا صوبہ بھر میں الیکڑک بسیں چلانے کا فیصلہ
Electric Buses Punjab
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے عوامی سفری سہولیات میں انقلاب برپا کرنے کی تیاری کر لی، جہاں پہلے صرف مخصوص اضلاع کو شامل کیا گیا تھا، اب پورے صوبے میں الیکٹرک بسیں چلانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدف دیا گیا ہے کہ پنجاب کے تمام اضلاع کو جدید اور یکساں ٹرانسپورٹ سسٹم فراہم کیا جائے۔

واضح رہے کہ اس منصوبے کے تحت پہلے صرف 500 بسوں کی خریداری کا پلان تھا، جسے بڑھا کر اب 1100 الیکٹرک بسوں تک پہنچا دیا گیا ہے۔

وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ صرف لاہور یا بڑے شہروں تک محدود نہیں رہے گا، بلکہ بہاولنگر، اٹک، ڈیرہ غازی خان جیسے دور افتادہ علاقوں میں بھی بسیں چلائی جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کیلئے پنجاب کا ہر ضلع برابر ہے، اسی لیے یہ منصوبہ پورے صوبے کے لیے ہے۔

یہ بھی پڑھیں:فواد چودھری کے وارنٹ گرفتاری جاری

محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ الیکٹرک بسوں کو دسمبر 2025 تک آپریشنل کر دیا جائے، تاکہ عوام کو ماحولیاتی لحاظ سے محفوظ، جدید، اور آرام دہ سفری سہولت میسر آ سکے۔

ماہرین کے مطابق یہ اقدام نہ صرف ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں مدد دے گا بلکہ پبلک ٹرانسپورٹ کے فقدان سے دوچار اضلاع میں روزگار، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھی مثبت تبدیلی لائے گا۔

دوسری جانب پنجاب حکومت کے اس اقدام کو عوامی سطح پر بھی بےحد سراہا جا رہا ہے، اور اسے ٹرانسپورٹ انقلاب قرار دیا جا رہا ہے۔