
خصوصی جج اینٹی کرپشن خاور رشید نے فواد چودھری کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ عدالت نے پولیس کو ہدایت دی کہ فواد چودھری کو گرفتار کر کے 30 جون کو عدالت میں پیش کیا جائے۔
عدالت میں سماعت کے دوران تفتیشی افسر کی جانب سے چالان پیش نہ کرنے پر بھی جج نے سخت ناراضی کا اظہار کیا اور حکم دیا کہ آئندہ پیشی پر مکمل چالان عدالت میں جمع کروایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس: ملزم عمر حیات عدالت میں پیش
ذہن نشین رہے کہ فواد چودھری کیخلاف تھانہ اینٹی کرپشن جہلم میں مقدمہ درج ہے، جس میں ان پر اراضی کے حصول کیلئے بھاری رشوت لینے کا الزام ہے۔ کیس کی سماعت کئی بار مؤخر ہو چکی تھی، تاہم بار بار کی طلبی کے باوجود فواد چودھری کی عدالت میں غیر حاضری نے صورتحال کو سنگین بنا دیا۔
دوسری جانب قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر فواد چودھری گرفتاری سے بچنا چاہتے ہیں تو انہیں فوری طور پر عدالت سے رجوع کرنا ہوگا، ورنہ سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔