ثناء یوسف کے گھر سے کس طرح کی آوازیں سنائی دیں؟پڑوسی نے بتا دیا
Sana Yousaf Murder Case
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے اندوہناک قتل نے جہاں پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا، وہیں اب ان کے پڑوسی عمیس کا بیان سامنے آیا ہے جس نے واقعے کی رات کے حالات پر روشنی ڈالی ہے۔

نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے عمیس نامی نوجوان نے بتایا کہ واقعہ ساڑھے پانچ بجے کے قریب پیش آیا جب اچانک چیخنے چلانے کی آوازیں سنائی دیں،ہم اس وقت چھت پر موجود تھے۔ ہمیں لگا کہ کوئی گھریلو جھگڑا ہو رہا ہے کیونکہ ہر گھر میں تھوڑی بہت آوازیں آتی ہیں، ہم نے زیادہ سنجیدہ نہیں لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ دیر بعد آوازیں بند ہو گئیں اور دو فائر کی آوازیں آئیں، لیکن وہ اتنی مدھم تھیں کہ پٹاخوں کا گمان ہوا،ہمیں اس وقت اندازہ ہی نہیں ہوا کہ قتل جیسا بڑا افسوسناک واقعہ ہو چکا ہے۔

پھر مغرب کے قریب اچانک پولیس کی گاڑیاں اور بھاری نفری پہنچی تو محلے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، تب جاکر پتا چلا کہ خاتون کو قتل کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس: ملزم عمر حیات عدالت میں پیش

ایک سوال کے جواب میں عمیس نے بتایا کہ اس فیملی کو اس مکان میں شفٹ ہوئے تین چار ماہ ہی ہوئے ہیں،ایک آدھ دفعہ نوجوان لڑکے ہی گھر میں دیکھے لیکن بڑی عمر کا شخص کبھی نہیں دیکھا، جیسے والد ہوں، پارک میں واک کرتے بھی ان لوگوں کو نچلے پورشن میں مقیم فیملی کے ساتھ دیکھا گیاتھا۔

محلے داروں کا کہنا ہے کہ ثناء یوسف زیادہ تر گھر میں ہی رہتی تھیں اور ہفتے میں دو تین دن ہی باہر نکلتی تھیں۔ یہ واقعہ نہ صرف محلے بلکہ سوشل میڈیا پر بھی تشویش اور غم کا باعث بنا ہے۔