بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحق افراد کیلئے بڑی خبر
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت مالی امداد حاصل کرنے والے تمام مستحق افراد کو 30 جون 2025 تک اپنا دوبارہ سروے مکمل کروانے کی ہدایت کر دی گئی
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت مالی امداد حاصل کرنے والے تمام مستحق افراد 30 جون تک اپنا دوبارہ سروے مکمل کروائیں گے/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت مالی امداد حاصل کرنے والے تمام مستحق افراد کو 30 جون 2025 تک اپنا دوبارہ سروے مکمل کروانے کی ہدایت کر دی گئی۔

 بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام مستحقین کی اہلیت کی تصدیق کے لیے ضروری ہے اور مقررہ تاریخ کے بعد سروے نہ کرانے والے افراد کی امداد معطل کر دی جائے گی۔ تین سال یا اس سے زائد عرصے سے امداد حاصل کرنے والے افراد کو اپنی معلومات کی تجدید کرنی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کیلئے 80 کروڑ ڈالر کے پروگرام کی منظوری

اس سلسلے میں ملک بھر میں بی آئی ایس پی تحصیل دفاتر قائم ہیں جہاں صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک سروے مکمل کیا جا سکتا ہے۔ علاوہ ازیں، دور دراز علاقوں میں رہنے والے افراد کے لیے موبائل ٹیمیں بھی روانہ کی جا رہی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو یہ سہولت فراہم کی جا سکے۔

بی آئی ایس پی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مستحق افراد قومی شناختی کارڈ، بچوں کا ب فارم، حالیہ بجلی کا بل اور فعال موبائل نمبر کے ساتھ قریبی دفتر میں جا کر اپنی معلومات جمع کرائیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس عمل سے امدادی نظام میں شفافیت اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے گا۔

بی آئی ایس پی حکام نے عوام کو تاکید کی ہے کہ وہ آخری وقت کا انتظار نہ کریں، کیونکہ مقررہ تاریخ کے قریب دفاتر میں رش بڑھنے کا امکان ہے۔ مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے بی آئی ایس پی ہیلپ لائن 080026477 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔