پاکستان کیلئے 80 کروڑ ڈالر کے پروگرام کی منظوری
ایشیائی ترقیاتی بینک  نے پاکستان کو مالیاتی استحکام فراہم کرنے کے مقصد سے 80 کروڑ ڈالر (800 ملین ڈالر) کے نئے پروگرام کی منظوری دے دی
ایشیائی ترقیاتی بینک/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) پاکستان کی معیشت کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی، جہاں ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے پاکستان کو مالیاتی استحکام فراہم کرنے کے مقصد سے 80 کروڑ ڈالر (800 ملین ڈالر) کے نئے پروگرام کی منظوری دے دی۔ یہ رقم پاکستان کے مالیاتی شعبے میں استحکام اور اصلاحات کو فروغ دینے کے لیے استعمال کی جائے گی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یہ امداد پاکستان کو مالیاتی پالیسیوں، حکومتی اصلاحات اور نجی شعبے کی شمولیت کو بہتر بنانے میں مدد دے گی۔ بینک کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کے تحت پاکستان کے تجارتی بینکوں سے تقریباً ایک ارب ڈالر تک کی اضافی فنانسنگ متحرک ہونے کی توقع ہے، جو کہ ملک میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں بہتری کا باعث بنے گی۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف کا پٹرول و دیگر اشیاء کی نقد خریداری پر اضافی رقم لینے کا مطالبہ

اعلامیے کے مطابق یہ پروگرام "فنانشل مارکیٹس ڈیویلپمنٹ پروگرام" کے تحت منظور کیا گیا ہے، جس کا مقصد مالیاتی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا، سرمایہ مارکیٹوں تک رسائی کو آسان بنانا، اور مالیاتی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔ اس پروگرام کی مدد سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو بہتر مالی سہولیات ملیں گی اور ملک کی مجموعی مالیاتی پالیسی کو مزید فعال اور مربوط بنایا جائے گا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق پاکستان کو یہ رقم کم شرح سود پر دی جائے گی، تاکہ قرض کا بوجھ کم ہو اور مالی نظم و ضبط کو بہتر بنایا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومتی اداروں کو مالیاتی نگرانی، رسک مینجمنٹ، اور بینکنگ ضوابط میں بہتری کے لیے تربیت اور تکنیکی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔

حکومتی ذرائع نے بھی اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ پروگرام پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے، مالیاتی خسارے کو کم کرنے اور بیرونی سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ توقع ہے کہ اس امداد سے عوام کو بھی براہ راست فوائد حاصل ہوں گے۔