آئی ایم ایف کا پٹرول و دیگر اشیاء کی نقد خریداری پر اضافی رقم لینے کا مطالبہ
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے پٹرول سمیت دیگر اشیاء کی خریداری پر اضافی رقم وصولی کا مطالبہ کردیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے پٹرول سمیت دیگر اشیاء کی خریداری پر اضافی رقم وصولی کا مطالبہ کردیا۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان بجٹ 26-2025 کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں، آئی ایم ایف نے پاکستان سے پھر ڈو مور کا مطالبہ کردیا۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا ہے کہ کیش پر پٹرول اور ڈیزل 2 روپے مہنگا کیا جائے، ڈیبٹ کارڈ اور کریڈٹ کارڈ پر پٹرول اور ڈیزل 2 روپے سستا دیا جائے، کیش خریداری پر سیلز ٹیکس 2 فیصد اضافی وصول کیا جائے، کیش خریداری پر سیلز ٹیکس 18 کی بجائے 20 فیصد کیا جائے۔

آئی ایم ایف کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کیش اورغیردستاویزی معیشت کی حوصلہ شکنی کی جائے، ڈیبٹ کارڈ اور کریڈٹ کارڈ پر شاپنگ میں سیلز ٹیکس 2 فیصد کم کیا جائے، نان فائلرز کی کیٹگری مکمل طور پر ختم کی جائے۔

عالمی مالیاتی فنڈ نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان میں صرف فائلرز کو ہی نئی گاڑی خریدنے کی اجازت دی جائے، نان فائلرز کے لیے نئی گاڑی خریدنے پر پابندی برقراررکھی جائے، پاکستان میں صرف فائلرز کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے، نان فائلرز کےلیے بیرون ملک جانے پر پابندی برقرار رکھی جائے۔

ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان میں صرف فائلرز کو پراپرٹی خریدنے کی اجازت دی جائے جبکہ نان فائلرز کے پراپرٹی خریدنے پر پابندی برقرار رکھی جائے، نان فائلرز کے 50 ہزار کیش نکلوانے پر اضافی ودہولڈنگ ٹیکس بڑھایا جائے۔

آئی ایم ایف کا مطالبہ ہے کہ نان فائلرز کے 50 ہزار روپے نکلوانے پر ودہولڈنگ ٹیکس 0.6 فیصد سے بڑھا کر 1.2 فیصد کیا جائے۔