پنجاب میں عید الاضحیٰ پر چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری
حکومتِ پاکستان کی جانب سے عید الاضحیٰ کے موقع پر چار روزہ تعطیلات کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے
حکومتِ پاکستان نے عید الاضحیٰ کے موقع پر چار روزہ چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) حکومتِ پاکستان کی جانب سے عید الاضحیٰ کے موقع پر چار روزہ تعطیلات کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے تعطیلات کی سمری کی منظوری دے دی

وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ پنجاب حکومت نے بھی عید الاضحیٰ کے لیے تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ چیف سیکریٹری پنجاب کی منظوری کے بعد محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبہ پنجاب میں بھی 6 جون سے 9 جون تک تمام سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عید الاضحیٰ پر گرج چمک کیساتھ بارشوں کی پیشگوئی

یہ فیصلہ سرکاری ملازمین اور عوام کو عید کی خوشیوں کو بہتر انداز میں منانے اور اپنے خاندانوں کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع دینے کے لیے کیا گیا ہے۔ ملک بھر کے سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے، اور بیشتر نجی ادارے ان ایام میں بند رہیں گے۔ عید الاضحیٰ کے موقع پر لوگ سنت ابراہیمی کی پیروی میں قربانی کا فریضہ انجام دیتے ہیں، جس کے لیے وقت، تیاری اور اہل خانہ کی موجودگی ضروری ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ حکومت نے چار روز کی تعطیلات کا فیصلہ کیا۔

عید تعطیلات کے اعلان کے بعد ٹرانسپورٹ، ہوٹل، مویشی منڈیاں اور دیگر متعلقہ شعبوں میں سرگرمیوں میں اضافہ متوقع ہے۔ لوگوں کی بڑی تعداد اپنے آبائی علاقوں کا سفر کرے گی جس کے باعث بس اڈوں اور ریلوے اسٹیشنز پر رش بڑھنے کا امکان ہے۔

حکومتی اداروں نے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ عید کے موقع پر صفائی ستھرائی، ٹریفک کنٹرول اور دیگر شہری سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کریں تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔