
عدالتی احکامات پر لاہور پولیس کی ٹیم ڈی ایس پی آصف جاوید کی سربراہی میں اڈیالہ جیل پہنچی ، ٹیم میں پنجاب فرانزک کے ایکسپرٹس بھی شامل تھے،بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پولی گرافک ٹیسٹ کرانے سے پھر انکار کردیا۔
اڈیالہ جیل ذرائع کے مطابق عمران خان لاہور پولیس کی ٹیم کے سامنے پیش ہی نہیں ہوئے، بانی پی ٹی آئی کے انکار کے باعث پولیس ٹیم فوٹو گرامیٹک اور وائس میچنگ ٹیسٹ بھی نہ کر سکی۔
لاہورپولیس کی خصوصی ٹیم عدالتی حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے دوپہر پونے ایک بجے اڈیالہ جیل پہنچی،پولیس ٹیم 4 گھنٹے تک عمران خان کا انتظار کرتی رہی، بانی پی ٹی آئی کے مسلسل انکار کے بعد لاہور پولیس کی خصوصی ٹیم اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا دوبارہ پولی گرافک ٹیسٹ کرانے کی اجازت
واضح رہے کہ لاہور پولیس کی ٹیم بانی پی ٹی آئی عمران خان سے 9 مئی مقدمات کی تفتیش کے لئے ٹیسٹ کرنے اڈیالہ جیل آئی تھی۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان پہلے بھی 3 مرتبہ لاہور پولیس ٹیم کو ٹیسٹ کرانے سے انکار کر چکے ہیں، لاہور پولیس کی خصوصی ٹیم نے سابق وزیراعظم کے انکار سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرائی تھی۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس ٹیم کو عمران خان کا پولی گرافک، فوٹوگرامیٹک اور وائس میچنگ ٹیسٹ کرنے کی دوبارہ ہدایت کی تھی تاہم آج بھی پولیس ٹیم کو اڈیالہ جیل سے مایوس لوٹنا پڑا۔