ڈیفنس فیز 6 میں شہری پر بہیمانہ تشدد، ملزم سلمان فاروقی گرفتار
کراچی کے پوش علاقے ڈی ایچ اے فیز 6 میں شہری پر بہیمانہ تشدد میں ملوث بااثر شہری کے ڈرائیور اور گارڈ کو گرفتار کرلیا گیا
پولیس نے مرکزی ملزم سلمان فاروقی کے ڈرائیور اور سیکیورٹی گارڈ کو گرفتار کر لیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) کراچی کے پوش علاقے ڈی ایچ اے فیز 6 میں شہری پر بہیمانہ تشدد میں ملوث ملزم سلمان فاروقی کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ اس سے پہلے بااثر شہری کے ڈرائیور اور گارڈ کو گرفتار کیا گیا۔

 تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک اور شرمناک واقعہ ڈی ایچ اے فیز 6 میں پیش آیا جہاں ایک بااثر شخص نے معمولی ٹریفک صورتحال پر ایک موٹرسائیکل سوار شہری کو سرعام تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ متاثرہ شہری نے اچانک بریک لگائی، جس پر پیچھے سے آنے والے گاڑی سوار بااثر شخص کو غصہ آ گیا۔ اس نے نہ صرف متاثرہ شخص کو گالم گلوچ کی بلکہ اس کی بہن کی موجودگی اور بارہا معافی مانگنے کے باوجود تشدد جاری رکھا۔

یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈاپور احتجاج میں جنید اکبر کو سپورٹ کریں گے: شبلی فراز

پولیس کو اس واقعے کی اطلاع سوشل میڈیا کے ذریعے ملی، تاہم تاحال متاثرہ فرد نے باقاعدہ شکایت درج نہیں کرائی۔ ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق، مرکزی ملزم کی شناخت سلمان فاروقی کے نام سے ہوئی ہے، جو کہ ایک معروف اشتہاری کمپنی کا سی ای او بتایا جا رہا ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سلمان فاروقی کے ڈرائیور اور سیکیورٹی گارڈ کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ ملزم کی گاڑی کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے اس کے دفتر اور رہائشگاہ پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، اور ایف آئی آر بھی درج کی جا چکی ہے۔ پولیس نے یقین دہانی کروائی ہے کہ متاثرہ شخص کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا اور کسی بھی بااثر فرد کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔

دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔