پی ٹی وی میں نام کی تختی بحال،فواد چوہدری کا عطا تارڑ سے اظہارِ تشکر
Fawad Chaudhry and Atta Tarar
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) میں اپنی نام کی تختی بحال ہونے پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

اپنے جاری کردہ بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ انہیں بطور وفاقی وزیر اطلاعات پی ٹی وی کے کانفرنس روم کا افتتاح کرنے کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔

فواد چوہدری کے مطابق 2022 میں حکومت کی تبدیلی کے فوراً بعد ان کے نام کی تختی پی ٹی وی سے ہٹا دی گئی تھی، جس پر وہ مایوس تھے۔ تاہم اب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے نہ صرف تختی بحال کی بلکہ انہیں اس عمل سے باقاعدہ طور پر آگاہ بھی کیا۔

فواد چوہدری نے عطا تارڑ کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس مثبت طرزِ عمل پر ان کے شکر گزار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں اختلافات اپنی جگہ، مگر ایسے اقدامات باہمی احترام اور رواداری کو فروغ دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:مولانا کا 18 سال سے کم عمر شادی پر پابندی کا بل مسترد

دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین نے اس عمل پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اداروں میں خدمات کو یاد رکھنا اور ان کا اعتراف کرنا ایک مہذب روایت ہے،ہمیں خوشی ہے کہ موجودہ وزیر اطلاعات نے اس روایت کو زندہ رکھا۔

علاوہ ازیں فواد چوہدری کے اس بیان کو سیاسی و صحافتی حلقوں میں مثبت انداز میں سراہا جا رہا ہے، جہاں باہمی اختلافات کے باوجود ایک دوسرے کے کام کا اعتراف ایک اچھی مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔