
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم بدستور گرم اور خشک رہے گا، تاہم کچھ مقامات پر جزوی تبدیلی ممکن ہے۔ مری اور گلیات میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔
جنوبی پنجاب کے علاقوں بہاولنگر، ملتان، ساہیوال اور پاکپتن میں تیز ہوائیں چلنے اور ہلکی بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔ اسی طرح خانیوال اور ڈیرہ غازی خان میں آندھی کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا میں بارش کے امکانات نسبتاً زیادہ ہیں۔ کوہستان، بٹگرام، سوات اور مانسہرہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، جبکہ ایبٹ آباد اور ہری پور میں بھی بارش اور آندھی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ان علاقوں میں موسم نسبتاً خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عیدالاضحیٰ: پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی ہے۔ ان علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز کر سکتا ہے، شہریوں کو ہیٹ اسٹروک سے بچنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خود کو ہائیڈریٹ رکھیں اور بچوں و بزرگوں کو گرمی سے بچانے کیلئے مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ بارش والے علاقوں میں شہریوں کو احتیاط برتنے اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔