عیدالاضحیٰ: پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ
عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی کے نظام کو یقینی بنانے کیلئے پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں سیکشن 144 نافذ کر دی ہے
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی کے نظام کو یقینی بنانے کیلئے صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی۔
اس حکم کے تحت غیر رجسٹرڈ تنظیموں کو قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے سے روک دیا گیا جبکہ عوامی سرگرمیوں پر بھی سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
 
محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ احکامات کے مطابق صرف وہی فلاحی ادارے کھالیں جمع کر سکیں گے جو پنجاب چیریٹی کمیشن میں باقاعدہ رجسٹرڈ ہوں، کالعدم تنظیموں اور غیر قانونی گروہوں کو اس ضمن میں کسی قسم کی اجازت نہیں
دی جائے گی۔
مزید یہ کہ عوامی مقامات پر قربانی کے جانوروں کی باقیات کو جلانے نہروں، دریا یا ڈیموں میں نہانے، تیرنے یا کشتی رانی کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے اور قربانی کے جانوروں کا فضلہ نالوں، گٹروں یا نہروں میں پھینکنے پر بھی سخت ممانعت ہو گی۔
 
واضح رہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر منظور شدہ مویشی منڈیوں کے باہر جانوروں کی خرید و فروخت پر کڑی نظر رکھیں گے، اس کے علاوہ اسلحہ یا گولہ بارود کی نمائش پر بھی سیکشن 144 کے تحت مکمل پابندی برقرار رہے گی۔
حکام کے مطابق یہ پابندیاں 5 جون سے 11 جون 2025 تک نافذ العمل رہیں گی۔ 
محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد انسانی جانوں کا تحفظ اور عید کے دوران ماحولیاتی صفائی کو بہتر بنانا ہے۔
دوسری جانب حکام نے خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں پر قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔