حکومت کا ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کو فروغ دینے کا فیصلہ

فائیل فوٹو
June, 1 2025
لاہور: (ویب ڈیسک) حکومت نے آئندہ بجٹ میں پٹرول اور ڈیزل گاڑیوں پر نیا ٹیکس لگا کر الیکٹرک گاڑیوں کو فروغ دینے کا فیصلہ کر لیا ۔
وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں پٹرول اور ڈیزل گاڑیوں پر نیا لیوی (ٹیکس) عائد کرنے کی تجویز پیش کی ہے، جس کا مقصد ملک میں الیکٹرک وہیکلز (EVs)کی منتقلی کو فروغ دینا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس نئے اقدام سے آئندہ پانچ برس کے دوران 122 ارب روپے اکٹھے کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جو ایک خصوصی الیکٹرک وہیکل فنڈ میں جائے گا۔
ذرائع کے مطابق یہ نیا ٹیکس فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) کی شکل میں لاگو کیا جائے گا جو درآمد شدہ اور مقامی طور پر تیار کردہ پٹرول و ڈیزل گاڑیوں دونوں پر لاگو ہو گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے ٹیکس کے نفاذ سے حکومت کو سالانہ 24 ارب روپے حاصل ہوں گے جو نئی ای وی پالیسی 30-2026 کے نفاذ میں معاون ثابت ہوں گے۔
واضح رہے کہ اس اقدام کا مقصد ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دینا اور پٹرول و ڈیزل پر انحصار کم کرنا ہے۔
علاوہ از یں بجٹ میں صرف گاڑیوں ہی نہیں بلکہ لیپ ٹاپ اور سمارٹ فونز کی بیٹریز اور چارجرز کی مقامی تیاری کیلئے بھی مراعات کی تجاویز شامل ہیں، تاہم سمارٹ فونز کی درآمد پر فی الحال کسی اضافی ٹیکس کی تجویز نہیں دی گئی۔