وزیر داخلہ کا بھکاری مافیا کے خلاف بڑا اقدام

فائیل فوٹو
June, 1 2025
لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملک بھر میں منظم بھکاری گروہوں کی سرگرمیوں اور بھیک مانگنے کو ناقابلِ ضمانت جرم قرار دینے کی تجویز پیش کی ہے۔
انسداد دہشت گردی کمیٹی اور ہارڈن اسٹیٹ کمیٹی کے تیسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ یہ مافیا نہ صرف قانون کے لیے چیلنج بن چکا ہے بلکہ پاکستان کی عالمی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے۔
وزیر داخلہ نے بھکاری مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے سخت قوانین ناگزیر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھکاری مافیا ملک کے لیے باعثِ شرمندگی ہے اور اس کا خاتمہ انتہائی ضروری ہےاور بھیک مانگنے کو ناقابلِ ضمانت جرم قرار دینا ناگزیر ہو چکا ہے۔
اجلاس کے دوران پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
محسن نقوی نے نادرا کو ہدایت دی کہ تمام داخلی و خارجی راستوں پر ڈیٹا کی فوری تصدیق کیلئے لائیو سسٹم فراہم کیا جائے اور تمام متعلقہ اداروں میں دستاویزات کا مربوط نظام مکمل طور پر نافذ کیا جائے۔
علاوہ اذیں انہوں نے وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو بھی غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے ضروری قرار دیا۔
اجلاس کے دوران ملک بھر میں بجلی چوری کے خلاف جاری کارروائیوں، انٹیلیجنس کی بنیاد پر آپریشنز، اور بڑے مالیاتی ریکوری کے معاملات کا بھی جائزہ لیا اور اسکے علاوہ انسداد تجاوزات مہم، پاکستان پورٹ اتھارٹی کے قیام، اور گوادر میں سیف سٹی منصوبے پر پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وزارت داخلہ صوبائی حکومتوں اور سیکیورٹی اداروں کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی اور کمیٹی نے ہائی ویز پر نگرانی کو مؤثر بنانے اور پٹرول پمپس کی ڈیجیٹلائزیشن سمیت اسمگل شدہ ایندھن کی فروخت روکنے کے لیے اقدامات پر بھی غور کیا۔