ایئرپورٹ اور ایئربیسز میں ڈرون پر پابندی عائد
اسلام آباد ایئرپورٹ اور راولپنڈی ایئربیسز کے پانچ کلومیٹر کے اندر ڈرونز سمیت متعدد سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی۔
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ایئرپورٹ اور راولپنڈی ایئربیسز کے پانچ کلومیٹر کے اندر ڈرونز سمیت متعدد سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے ڈپٹی کمشنر نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، نور خان ایئربیس، اور قاسم ایئربیس کے ارد گرد پانچ کلومیٹر کے دائرے میں ڈرونز اور متعلقہ سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کر دی، یہ فیصلہ ہوائی سفر کی حفاظت کو یقینی بنانے اور پرندوں کے ٹکراؤ کے خطرے کو کم کرنے کیلئے کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پابندی صرف ڈرونز تک محدود نہیں بلکہ اس میں کبوتر بازی، بڑی تعداد میں کبوتروں کو پالنا، پتنگ بازی، اور قربانی کے جانوروں کی باقیات یا کچرے کو ہوائی اڈوں کے قریب پھینکنے جیسے عوامل بھی شامل ہیں، جنکی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی اور گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔

 

یہ بھی پڑھیں: وزیر داخلہ کا بھکاری مافیا کے خلاف بڑا اقدام

 

علاوہ ازیں یہ فیصلہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احسان طارق کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا، جس میں فوری اطلاق کا حکم بھی جاری کیا گیا، اسکے ساتھ متعلقہ حکام کو ہدایات دی گئی ہے کہ وہ انسپیکشن اور مانیٹرنگ کا عمل فوری شروع کریں تاکہ مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔

مزید یہ کہ اجلاس میں عید الاضحی کے دوران صفائی کے معاملات بھی زیر غور آئے، خاص طور پر خرم کالونی، صدیق آباد، کورال چوک، ڈھوک حافظ اور چہ سلطان جیسے علاقوں میں متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان علاقوں میں صفائی اور ویسٹ مینجمنٹ کو یقینی بنائیں۔