ای-انوائسنگ کی ڈیڈ لائن میں توسیع کا مطالبہ
 پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے ایف بی آر سے کارپوریٹ ٹیکس دہندگان کے لیے ای-انوائسنگ کی ڈیڈ لائن 30 جون 2025 تک بڑھانے کا مطالبہ کردیا ہے
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے ایف بی آر سے کارپوریٹ ٹیکس دہندگان کے لیے ای-انوائسنگ کی ڈیڈ لائن 30 جون 2025 تک بڑھانے کا مطالبہ کردیا ہے۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ مقررہ وقت میں انضمام ممکن نہیں، لہٰذا توسیع ضروری ہے۔
پی ٹی بی اے کی جانب سے چیئرمین ایف بی آر کو بھیجے گئے ایک خط میں کہا گیا ہے کہ ایسوسی ایشن حکومت کی ڈاکومنٹیشن پالیسی کی مکمل حمایت کرتی ہے جس کا مقصد سپلائی چین میں شفافیت لانا اور اقتصادی سرگرمیوں کا درست اندراج یقینی بنانا ہے۔
علاوہ اذیں 22 اپریل 2025 کو جاری کردہ ایس آر او 709(1)/2025 کے تحت ٹیکس دہندگان کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ اپنا سافٹ ویئر اور ہارڈویئر ایف بی آر کے نظام سے لائسنس یافتہ انٹیگریٹر یا پی آر اے ایل کے ذریعے منسلک کریں۔
 
 
رپورٹس کے مطابق ابتدائی طور پر کارپوریٹ ٹیکس دہندگان کے لیے انضمام کی آخری تاریخ یکم مئی 2025 جبکہ انفرادی ٹیکس دہندگان کیلئے یکم جون مقرر کی گئی تھی جس میں بعدازاں توسیع کر کے کارپوریٹ کے لیے یکم جون اور انفرادی کے لیے یکم جولائی 2025 کر دی گئی۔ تاہم، متعدد کمپنیوں کی جانب سے بروقت تکنیکی انضمام نہ ہونے کی شکایات موصول ہونے کی وجہ سے یہ عمل مقررہ وقت میں مکمل کرنا عملی طور پر ممکن نہیں رہا۔
پی ٹی بی اے نے ملک بھر سے موصول ہونے والی مختلف بارز کی نمائندگی کرتے ہوئے ایف بی آر کو آگاہ کیا ہے کہ کارپوریٹ ٹیکس دہندگان کی بڑی تعداد ڈیڈ لائن پوری کرنے سے قاصر ہے اس صورتحال میں درست ڈیجیٹل ڈاکومنٹیشن، شفاف ٹیکس نظام، اور معاشی سرگرمیوں کی اصل جھلک کے لیے انضمام کی آخری تاریخ میں توسیع ناگزیر ہو چکی ہے۔
ایسوسی ایشن کو یقین ہے کہ اس کی درخواست کو حکومت اور ایف بی آر قومی مفاد میں سنجیدگی سے لے گا تاکہ ای-انوائسنگ کا عمل مؤثر اور بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل کیا جا سکے۔